مقبوضہ کشمیر کے عوام نے تو شہادتیںدیکر مسئلہ کشمیر کو دنیا میں فلیش پوائنٹ بنا دیا ‘بدقسمتی سے آزادکشمیر و پاکستان کے حکمرانوں نے شہیدوں اور مجاہدوں کے خون سے وفا نہیں کی ‘مسئلہ کشمیر کو سیاسی ایشو بناکر سیاست چمکانے میں کوئی کسر بھی نہیں چھوڑی

پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سینئر رہنما ہمایوں زمان مرزا کی صحافیوں سے بات چیت

ہفتہ 21 جنوری 2017 14:53

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جنوری2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سینئر رہنما چیئرمین جموں کشمیر ہیومن رائٹس کمیشن ہمایوں زمان مرزا نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے تو شہادتیںدیکر مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں فلیش پوائنٹ بنا دیا مگر بدقسمتی سے آزادکشمیر و پاکستان کے حکمرانوں نے شہیدوں اور مجاہدوں کے خون سے وفا نہیں کی بلکہ مسئلہ کشمیر کو سیاسی ایشو بناکر اپنی سیاست چمکانے میں کوئی کسر بھی نہیں چھوڑی ، اگر اس وقت مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی دنیا میں فلیش پوائنٹ بنا گیا ہے تو وہ شہدائے کشمیر اور افواج پاکستان کے بہادر جوانوں کے سر ہے جنہوںنے مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیریوں سے اپنی لازوال وابستگی کا ثبوت دیتے ان کی ہر فورم پر بھرپور طریقہ سے تائید و حمایت کی جبکہ دوسری طرف آزادکشمیر کے وزیراعظم کا کام صرف فاتحہ لگانا جبکہ صدر آزادکشمیر کا کام صرف دورے کرنا اور محض دعوتیں کھانا ہے یہ جموں کشمیر کے مظلوم و محکوم عوام کو کونسی آزادی اور حق خود ارادیت کا پیغام دینا چاہتے ہیں مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے قومی اسمبلی کی کشمیر کمیٹی انسانی حقوق کے اس بڑے اور اہم ترین مسئلہ کے حوالہ ناکام ہو چکی ہے جبکہ اس وجود اس وقت ایک سوالیہ نشان بن چکا ہے حکومت کو چاہیے کہ کشمیر کمیٹی کو سرے سے ختم نہیںکر دے اگر اس کی طرف سے کوئی اقدامات نہیںکیے جارہے تو یہ کمیٹی بے نام اور بے سود ہے جس کا کشمیریوں کو کوئی فائدہ نہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار ہمایوں زمان مرزا نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں زمان مرزا نے کہا کہ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ مسئلہ کشمیر کیلئے قربانیاں دینے والوں کے ورثاء اور اولادیں سخت موسم میں خیموں جبکہ اقتدار پرست عناصر کی اولادیں بیرون ممالک اور عالیشان محلات میں بیٹھ کر زندگی بسر کر رہے ہیں مقبوضہ کشمیر میں ہماری عفت مآب مائیں ،بیٹیاں اور بزرگ خون کا نذرانہ دے رہے ہیں جبکہ آزادریاست اور پاکستان کے حکمران بیرونی دورے اور عیاشیوں میں مصروف ہیں جو شہدا ئے کشمیر کیساتھ غداری کے متراف ہے کشمیری کئی دہائیوں سے اپنے معصوم بچوں ،بیٹیوں اور بزرگوں کی تاریخ ساز اور لازوال قربانیاں دے رہے ہیں کیا آزادکشمیر کے موجودہ اور سابقہ وزرائے اعظم اور صدور نے کبھی اپنے مفاد سے ہٹ کر کشمیریوں کے لیے کوئی قربانی دی ہے اس کا جواب سرینگر میں شہدائے کشمیر کے وارث پوچھ رہے ہیں ۔

ہمایوں زمان مرزا نے کہا کہ آزادکشمیر و پاکستان کے حکمران اپنی اولادوں اور عزیز و اقارب کو مسئلہ کشمیر کے نام پر بیرون ممالک دوروں پر سیر سپاٹوں کے لیے بھیجتے ہیں جبکہ جموں کشمیر کے اصل وارث اور حقیقی معنوں میں تحریک آزادی کی خدمت کرنے والوں کو جان بوجھ کر ایک منظم گھنائونی سازش کے تحت نظر انداز کرتے ہیں ۔ہمایوں زمان مرزا نے کہا آزادکشمیر و پاکستان کے ارباب اقتدار سے سوال کرتا ہوں کہ 70سالوں سے کشمیر کے نام پر اربوں اور کھربوں روپے لگا کر آپ نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کو کیا پیغام دیا ہے ۔

مقبوضہ جموں وکشمیر کی شہادتیں کسی بھی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی اس پار کی کشمیری عوام اور پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوںکی لازوال اور تحریک آزادی کشمیر کیلئے دی گئی قربانیوں کی قدر کرتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ مسئلہ کشمیر کے فوری حل اور کشمیریوں کے استصواب رائے کے حق کیلئے آزادکشمیر و پاکستان کے عوام ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔