مسئلہ کشمیر بارے سب سے زیادہ کردار مسلم کانفرنس کا ہے ‘مجاہد اول کی مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے کاوشیں تاریخ کا حصہ بن چکی ہیں ‘ان کے بتائے افکار اور نظریات پر عمل پیرا ہو کر مسئلہ کشمیر کے فوری اور دیرپا حل کیلئے ہر ممکن کرداراداکرینگے

آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس سٹی میرپور کے نائب صدر ضیاء عاصم کی صحافیوں سے بات چیت

ہفتہ 21 جنوری 2017 16:12

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جنوری2017ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس سٹی میرپور کے نائب صدر ضیاء عاصم نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے سب سے زیادہ کردار مسلم کانفرنس کا ہے مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان ؒ کی مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے کاوشیں تاریخ کا حصہ بن چکی ہیں ان کے بتائے ہوئے افکار اور نظریات پر عمل پیرا ہو کر مسئلہ کشمیر کے فوری اور دیرپا حل کیلئے ہر ممکن کرداراداکرینگے موجودہ وفاقی حکومت کی طرف سے مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے پالیسیاں سمجھ سے بالاتر ہیں حکومت پاکستان کشمیر کے حوالہ سے اپنی پالیسیوں کو واضع کرتے ہوئے بین الاقوامی فورم پر اس مسئلہ کو اجاگر کرئے جبکہ مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے کشمیر کمیٹی کا کردار بھی مشکوک ہو چکا ہے کشمیر کمیٹی کی طرف سے حالیہ چھ ماہ کے دوران جس طرح کے حالات کشمیر میں پیدا ہوئے ان پر ایک بھی اجلا س منعقد نہ کرنا انتہائی افسوسناک ہے افواج پاکستان کی طرف سے کشمیریوں کی حمایت اور ان کے حق خود ارادیت کے حوالہ سے دوٹوک موقف پوری پاکستانی قوم کی ترجمانی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ضیاء عاصم نے مزید کہا کہ کشمیر بین الاقوامی دنیا کی توجہ کا متحمل ہے جبکہ اس مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان کو اپنا بھرپور کردارادا کرنا چاہیے کشمیری گزشتہ ستر سالوں سے اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں اور لاکھوں جانوںکا نذرانہ دینے کے باوجود آزادی کی تحریک سے دستبردار نہیں ہوئے ۔

انہوںنے کہا کہ وفاقی حکومت مسئلہ کشمیر کے اپنی پالیسیوں واضع کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں یہ مسئلہ کو بھرپور طریقہ سے اجاگر کرئے کیونکہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ اور دنیا کے مہذب اداروں کے سامنے بھرپور طریقہ سے اجاگر کرنا وفاقی حکومت کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے ۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری قوم پاکستان کا سبز ہلالی پرچم ہاتھ میں تھامے ہوئے آزادی کا نعرہ لگا کر پاکستان سے اپنی والہانہ عقیدت ، محبت اور وابستگی کا ثبوت دے رہے ہیں جس سے واضع ہوتا ہے کہ کشمیری قوم پاکستان سے دل و جان سے محبت کرتی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان حکومت کی طرف سے مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے پالیسیوں سے کشمیریوں کے اندر بے چینی کی کیفیت پیدا ہو رہی ہے ۔ ضیاء عاصم نے مزید کہا کہ بھارت کی طرف سے ان چھ ماہ کے دوران سینکڑوں کشمیریوںکو شہید کر دیا گیا ہے جس سے مقبوضہ وادی کے حالات انتہائی ابتر ہو تے جارہے ہیں جبکہ اس حوالہ سے افواج پاکستان نے جو کردارادا کیا ہے اس پر پوری کشمیری و پاکستانی قوم افواج پاکستان کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جنہوںنے واضع اور دوٹوک الفاظ میں بھارت کی طرف سے ہر طرح کی جارحیت کا بھرپور جواب دیاجائیگا۔