کنٹریکٹرز کی من مانیاں،آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کا احتجاج تیسرے روز بھی جاری رہا

ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی سپلائی بدستور بند ، انتظامیہ کے اقبال جہانگیری و دیگر رہنمائوں سے مذاکرات کے 3 دور بھی ناکام

ہفتہ 21 جنوری 2017 16:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2017ء) کنٹریکٹرز کی من مانیوں کے خلاف آل پاکستان مشترکہ آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن کا احتجاج تیسرے روز بھی جاری رہا۔ ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی سپلائی بدستور بند رہی۔ انتظامیہ کے آل پاکستان مشترکہ آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اقبال جہانگیری و دیگر رہنمائوں سے مذاکرات کے 3 دور بھی ناکام ہوگئے۔

رہنمائوں نے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔

(جاری ہے)

اقبال خان جہانگیری نے روزنامہ شمال سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پیٹرولیم فرم حیسکول میں کیو سسٹم کو لاگو کرکے چند کنٹریکٹرز کی من مانیاں جب تک ختم نہیں ہوتیں ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ آئل ٹینکر کی صنعت سے وابستہ ٹرانسپورٹروں کی گرفتاریوں سے گریز کرے۔

بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ کار ملک بھر تک بڑھا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مطالبات قانونی ہیں جو گاڑی پہلے آئے وہ پہلے پیٹرول یا ڈیزل بھر کر جائے۔ مگر چند کنٹریکٹرز اپنی پسند ناپسند کے تحت ٹینکرز کا نمبر لگاتے ہیں جس کی وجہ سے حقداروں کا حق مارا جارہا ہے جو کہ آل پاکستان مشترکہ آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔

متعلقہ عنوان :