لاہور،پنجاب سکولز ایجوکیشن کی سطح پر شکایات سیل فروری میں کام شروع کردے گا،رانا مشہود

شکایات سیل پر درج کسی بھی شکایت کا 24 گھنٹوں میں ازالہ کردیا جائے گا، صوبائی وزیر تعلیم

ہفتہ 21 جنوری 2017 19:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2017ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ پنجاب سکولز ایجوکیشن کی سطح پر ایک شکایات سیل قائم کیا جارہا ہے جو رواں سال فروری میں کام شروع کردے گا۔ اس شکایات سیل پر درج کروائی جانے والی کسی بھی شکایت کا 24 گھنٹوں میں ازالہ کردیا جائے گا۔ گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے کے بچوں کو بہترین تعلیم دے کر مفید شہری بنانا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

یہ پنجاب کی تاریخ کا پہلا واقعہ ہے کہ پنجاب کے اساتذہ کی پری سروس اور ان سروس ٹریننگ شروع کی گئی ہے جس سے پنجاب میں سرکاری سطح پر تعلیمی معیار بہتر ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ٹیچرز فائونڈیشن کی ری سٹرکچنگ کرتے ہوئے پنجاب میں 36ہزار کلاس رومز بنانے کا فیصلہ کیا ہوا ہے۔ محکمہ ایجوکیشن سکولز بچوں کے ٹیسٹ بھی ٹیلنٹ کی بنیاد پر لے رہی ہے۔ ان اقدامات سے نہ صرف سکولوں میں بچوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ اساتذہ کی حاضری 94 فیصد اور سرکاری سکولوں میں طلباء کی حاضری 92 فیصد ہو گئی ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ سرکاری سکولوں کے کمزور طلباء کو اضافی کلاسیں دے کر ہونہار طالب علم بنایا جائے۔ (اے ملک)