2018 میں خوشحال پاکستان کے ساتھ عوام کے پاس جائیں گے ، دوبارہ میاں نواز شریف ہی قیادت سنبھالیں گے‘ حمزہ شہباز

رات کو شب خون مار کر پتلی گلی سے شیروانی سلوانے کا سلسلہ بند ہوچکا ،عوام انتشار کی سیاست مسترد کرچکے ہیں ،بلاول جوش خطابت میں غیر ضروری گفتگو نہ کریں ، تخت لاہور کا طعنہ دینے والے پہلے کراچی کے حالات کو سنبھالیں رکن قومی اسمبلی کی آتش زدگی سے متاثرہ خاندان کی میو ہسپتال میں تیمارداری ، تیس لاکھ روپے کا چیک دیا ، مفت علاج کی ہدایت

ہفتہ 21 جنوری 2017 20:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہبازنے کہاہے کہ موجودہ حکومت نے درپیش چیلنجوں کا سامنا کرتے ہوئے عوامی مسائل کے حل کے لئے نیک نیتی کے ساتھ میدان سنبھالا ہوا ہے او ر لوڈشیڈنگ ، توانائی کے بحران ، دہشت گردی پر قابو پانے سمیت قومی مسائل کو حل کرتے ہوئے 2018 میں خوشحال پاکستان کے ساتھ عوام کے پاس جائیں گے او رانشاء اللہ دوبارہ میاں محمدنوازشریف قومی قیادت سنبھالیں گے ۔

یہاں میو ہسپتال میں آتشزدگی سے متاثرہ خاندان کی تیمارداری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہاکہ کسی کو غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے راتوں رات شب خون مار پتلی گلی سے شیروانی سلوانے کا سلسلہ بند ہوچکا ، عمران خان کے وزیراعظم نہ بننے میں ہمارا کوئی قصور نہیں انہیں علم ہونا چاہیے کہ عوام دھرنوں ، احتجاج اور انتشار کی سیاست مسترد کرچکے ہیں بہتر ہوگا کہ عمران خان صوبہ خیبر پختونخواہ کا رخ کریں جہاں عوام ان کی راہ تک رہے ہیں - حمزہ شہباز نے کہاکہ وزیراعظم میاں محمدنوازشریف نے خود کو خاندان سمیت احتساب کے لئے پیش کیاہے اور کبھی بھی قصور وار خود کو عدالت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑتا - انہو ںنے کہاکہ عمران خان کو بخوبی علم ہے کہ جن کا دامن صاف نہیں وہ خود ان کے دائیں بائیں کھڑے ہیں جبکہ عمران خان خود آف شور کمپنیوں کے مالک ہیں - حمزہ شہباز نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ بلاول جوش خطابت میں اخلاق سے گری ہوئی اور غیر ضروری گفتگو نہ کریں اور تخت لاہور کا طعنہ دینے سے پہلے کراچی کے حالات کو سنبھالیں - انہو ںنے کہاکہ دوغلے پن اور ٹانگیں کھینچنے کی سیاست کا دور ختم ہوچکا ہے عوام ترقی اور اپنے مسائل کا حل دیکھنا چاہتے ہیں جس کے لئے موجودہ حکومت دن رات نیک نیتی کے ساتھ کام کررہی ہے - حمزہ شہباز نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب صحت کے شعبے میں بہتری لانے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر خود مانیٹرنگ کررہے ہیں حالات میں بہتری کی گنجائش ضرور موجود ہے جس کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں حمزہ شہباز نے میو ہسپتال کی بچہ ایمرجنسی میں سوامی نگر گھوڑے شاہ کے آتشزدگی سے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی جن کی تین بیٹیاں صباء، علیشا اور طیبہ گھر میں چولہے کی وجہ سے جاں بحق ہوگئی جبکہ 20 دن کا شیر خوار بچہ علی حمزہ ایمرجنسی میں زیر علاج ہے - حمزہ شہباز نے بچو ںکے والد رکشہ ڈرائیور محمد جاوید سے اس سانحہ پر دلی تعزیت کااظہار کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی اور ان کو مالی امداد کے لئے تیس لاکھ روپے کا چیک دیا اور ہسپتال انتظامیہ کو متاثرہ خاندان کی ہر طرح سے دیکھ بھال کرنے او رمفت علاج معالجے کی سہولتیں بہم پہنچانے کی ہدایت کی