ایم کیو ایم پاکستان رابطہ کمیٹی کے کنوینر ندیم نصرت کی پارہ چنار میں بم دھماکے کی مذمت

ہفتہ 21 جنوری 2017 21:14

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2017ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان )کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر ندیم نصرت نے پارہ چنار میں بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکے میں20بے گناہ شہریوںکی شہادت اور درجنوں افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے ۔ ایک بیان میں ندیم نصرت نے کہاکہ پارہ چنار کی سبزی مارکیٹ میں ہونے والا بم دھماکہ بدترین دہشت گردی ہے اور اس گھناؤنے عمل میں ملوث عناصر مسلمان تو کجا انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہیں۔

انہوںنے کہاکہ مذہبی انتہا پسندی اورفرقہ واریت کی بنیاد پر دہشت گردی کے واقعات سے دنیا بھر میں پاکستان کا امیج بری طرح متاثر ہورہا ہے اور جوعناصر اس قسم کے گھناؤنے عمل میں ملوث ہیں وہ پاکستان اور اس کے عوام کے کھلے دشمن ہیں ۔

(جاری ہے)

ندیم نصرت نے وزیراعظم میاں محمد نوازشریف اور وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان سے مطالبہ کیاکہ پارہ چنار میں دہشت گردی کے واقعہ کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اور شہریوںکی بلاامتیاز وتفریق جان ومال کے تحفظ کیلئے ٹھوس اورعملی اقدامات بروئے کار لائے جائیں ۔ ندیم نصرت نے پارہ چنار میں ہونے والے بم دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلدومکمل صحت یابی کیلئے دعا کی ۔