کراچی ، پاک کالونی میں جلسے نے ثابت کرد متحدہ قومی موومنٹ بکھری نہیں بلکہ نکھری ہے، خواجہ اظہار الحسن

ہفتہ 21 جنوری 2017 22:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2017ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و ایم کیوایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ کراچی دشمن قوتوں کیلئے 22اگست چاند رات ہوگئی تھی و ہ یہ سمجھنے لگے تھے اب متحدہ قومی موومنٹ اوراس کا وجود ختم ہوگیا اب یہ قوم ڈر کر گھر بیٹھ جائے گی لیکن اللہ تعالیٰ نے ایک بار پھر کراچی میں ہونے والے مختلف عوامی جلسوں اور خاص طو ر پر آج پاک کالونی میں ہونے والے جلسے نے ثابت کردیا کہ متحدہ قومی موومنٹ بکھری نہیں بلکہ نکھری ہے اور پہلے سے زیادہ منظم و متحد ہوچکی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم کے زیر اہتمام عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں منعقدہ جنرل ور کرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں پاک کالونی ٹاؤن سے تعلق رکھنے والے حق پرست عوام نے بڑی تعداد میں شرکت اور ایم کیوایم پاکستان پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

مذکورہ پروگرام میں ایم کیوایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن عبدالحسیب ،خواجہ سہیل منصور سمیت ایم کیوایم پاکستان کے دیگر ذمہ دران نے شرکت کی۔

جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ آج ہمارے بلدیاتی امید واران کو سب سے پہلے اس کرپٹ سسٹم نے اپنے آپ کو دور رکھنا ہوگا ۔ اس وقت ایک سازش کے ذریعے جان بوجھ کر پورا کراچی گٹر زون بنا دیا گیا ہے ، کراچی کے منتخب میئر و چیئرمین کو اختیارات نہیں دیے جارہے ہیں یہ سازشی عناصر چاہتے ہیں کہ اس شہر میں مایوسی پہلے اور وہ صرف جرائم پیشہ زندگی ہی گزارایں ۔

پیپلز پارٹی کے عہدیداران بتائیں انہوں نے لیاری میں کتنا کام کرایا ہے لیاری کے عوام آج بھی پانی کی بوند بوند کوترس رہے ہیں۔خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ہمیں سب سے پہلے اس سازش کو ناکام بنانا ہے کہ ہم تقسیم نہیں ہوئیں اور ثابت کرنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ ایک تھی اور ایک ہے۔آج پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت ایک نئی سازش کرنے میں مصروف عمل ہے کہ اور ایک قانون سازی کرنے جارہے ہیں کہ جب وہ چاہیں کراچی کے منتخب میئر کو ایک منٹ میں ان کے عہدے سے ہٹادیں ،آج ہم سندھ حکومت کو بتادینا چاہتے ہیں کہ اگر ایسی کسی سازش پر عمل کیا گیا تو کراچی کے عوام بھی اب جب چاہیں وزیراعلیٰ سندھ کو ہٹادیں گے ۔

خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ کراچی کے عوام آج یہ ثابت کررہے ہیں کہ اس مردم شماری کے بعد اگلا وزیراعلیٰ بھی کراچی سے ہوگا اور کراچی کے عوام کے درمیان ہی رہے گا ۔ پروگرام سے رابطہ کمیٹی کے رکن عبدالحسیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پاک کالونی کے عوام کا یہ جوش ولولہ اور انسانوں کو یہ سمندر ر ثابت کررہاہے کہ وہ باشعور ہیں اور ان کیخلاف جو سازش ہورہی ہیں وہ سب یہ جانتے ہیں ۔

عبدالحسیب نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کل بھی مہاجروں کے حقوق کیلئے جدوجہد کررہی تھی اور آج بھی جدوجہد کررہی ہیں ہم مہاجروںنے 20لاکھ جانوں کی قربانی دے کر پاکستان بنایا تھا اور آج اس پاکستان کو بچانے کیلئے اوراس کی بقاء کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے سپریم کور ٹ کے حکم پر بلدیاتی انتخابات کرائے گئے ورنہ ان کی نیت سے سب واقف ہیں ، وہ یہ جانتے ہیں کہ اگر اس شہر کے منتخب میئرو ڈپٹی میئر کو اختیارات دیے گئے تو یہ شہر کراچی سمیت حیدر آباد میر پور خاص کا نقشہ بدل کر رکھ دیں گے ۔

آج کا یہ اجتماع اس تاریخ و عمل کی توثیق کرتا ہے جو فیصلہ ڈاکٹر فاروق ستار نے 23تاریخ کو کیا تھا۔انہوں نے مزید کیا کہ ایک سازش کے ذریعے ہی ہمارے پر امن ساتھیوں کو گرفتار کیا جارہا ہے تاکہ ہم منتشر ہوںاور یہ کسی بھی صورت عوامی خدمت کے کام کو روک سکیں۔ انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ اب پاکستان میں صرف اسی کی چلے گی جو صرف پاکستان کا نعرہ لگائے گا اور پاکستان کی ترقی میں بڑھ چڑھ کا حصہ لے گا ۔

تقریب سے حق پرست رکن قومی اسمبلی و ایم کیوایم پاکستان رابطہ کمیٹی کے رکن خواجہ سہیل منصور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک کالونی کی عوام نے آج ثابت کردیا کہ مہا جر کل بھی متحد تھا اور آج بھی متحد ہے ،یہ مہاجر پاکستان کے ساتھ پہلے دن سے وفادار تھے اور آخری دم تک وفادار ہی رہیں گے۔ یہ ایم کیو ایم کیخلاف سازش نہیں تھی تو اور کیا تھا کہ شہر کراچی کے منتخب میئر کو بغیر کسی ثبوت کے چار ماہ تک جیل میں رکھا گیا اور آج میئر کراچی کے تمام اختیارات چھین لیے گئے آج ہم اعلیٰ حکام کو بتانا چاہتے ہیں کہ یہ قوم متحدہ ہوچکی اور اب یہ قوم اپنا حق و اختیار چھین کر رہے گی۔بہت جلد پاک کالونی کے عوام کے مسائل حل ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :