نظام مصطفی پارٹی کا سربراہ حنیف طیب کاپاراچناربم دھماکے میں قیمتی جانی نقصان پر اظہار رنج و غم

ہفتہ 21 جنوری 2017 22:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جنوری2017ء) نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ سابق وفاقی وزیرحاجی محمد حنیف طیب نے پاراچنارکی سبزی منڈی میں بم دھماکے کے نتیجے میں20 افرادکی ہلاکت اور55افرادسے زائدزخمی ہونے پرافسوس کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ شیطان صفت دہشت گرداور ان کے سہولت کاروں نے پاکستان کومالی وجانی نقصان پہنچانے اور مشکل ترین حالات پیداکرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

گلیوں،بازاروں،تعلیمی اداروں تفریحی مقامات،بسوں،عبادت گاہوں ،خانقاہوں کونشانہ بنایا اور آج بھی موقع کا فائدہ اٹھا کران دہشت گردوں نے ملک کی سا لمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔انہوںنے کہاکہ دہشت گرداور ان کے سہولت کاروں کو یہ جان لینا چاہیے کہ پاکستانی قوم دہشت گردوں کے خاتمے اور ملکی سا لمیت کیلئے متحدہے،ہماری پاکستانی قوم کسی بھی صورت دہشت گردوں کے سامنے نہیں جھکے گی،قومی نیشنل ایکشن پلان، ضرب عضب آپریشن،اورفوجی عدالتوںکی کارکردگی نے دہشت گردوں کی کمرتوڑکررکھ دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ وفاقی وصوبائی حکومتیں اورادارے مشترکہ طورپرتعین کرکے عوام کے سامنے یہ حقائق لائیں کہ یہ ناکامی کس کی ہے کہ دہشت گردآج بھی اپنے مقاصدمیں کامیاب ہورہے ہیں۔ نیشنل ایکشن پلان پر پوری طرح عمل درآمد ہورہاہے یانہیں اگرنہیں ہورہاہے تو اس کا ذمہ دارکون ہے۔انہوںنے مزیدکہاکہ فوجی عدالتوں کی مدت ختم ہونے کے بعددہشت گردی کاحالیہ واقعہ فوجی عدالتوںکے قیام کی مخالفت کرنے والے عناصر کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے۔

انہوںنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع کی جائے اور واقعہ کی تحقیقات کی جائے اور دہشت گردی میں ملوث عناصر اور اٴْن کے سہولت کاروں کوفوری قانون کی گرفت میں لاکرعوام کے سامنے بے نقاب کرکے کیفرکردارتک پہنچایاجائے،انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ زخمی کے علاج ومعالجے کے سلسلے میں جدید سہولیات فراہم کی جائے۔

متعلقہ عنوان :