عوام کے حقوق کے لئے فیصلہ کن جدوجہد کا آغاز کررہے ہیں، فاروق ستار

مقالمے اور بات چیت سے مسئلہ حل نہیں ہوا تو فروری میں جلسے ہوں گے، سربراہ ایم کیوایم پاکستان

ہفتہ 21 جنوری 2017 22:53

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2017ء) ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹرفاروق ستار نے کہاہے کہ پورا صوبہ مسائل سے بھرا ہوا ہے اور سندھ کے جاگیرداروں اور وڈیروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی اس لئے عوام کے حقوق کے حصول کے لئے فیصلہ کن جدوجہد کا آغاز کررہے ہیں۔ حیدر آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہاکہ صوبے کے ہر شہرمیں جگہ جگہ گٹر ابل رہے ہیں، ٹرانسپورٹ کے مسائل بڑھ رہے ہیں، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا اختیار بھی صوبائی حکومت کے پاس چلاگیا اورجگہ جگہ بڑی بڑی عمارتیں بن رہی ہیں جس سے مسائل پیدا ہورہے ہیں جب کہ سندھ کے وڈیروں اورجاگیرداروں کے کانوں پرجوں نہیں رینگ رہی، اب ہم سندھ کے شہروں اور شہری عوام کا ایک مقدمہ تیار کرکے دو تین محاذوں پر فیصلہ کن جدوجہد کا آغاز کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ عوام کے حقوق کے حصول کے لئے جلسے اور دھرنے دیئے جائیں گے ہمارا دھرنا کئی گھنٹوں کا بھی ہوسکتا ہے اورکئی دنوں کا بھی ہوسکتا ہے کراچی کے دھرنوں میں نواب شاہ، لاڑکانہ کے عوام بھی ہوں گے مقالمے اور بات چیت سے مسئلہ حل نہیں ہوا تو فروری میں جلسے ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ کراچی آج بھی ایم کیو ایم کا ہے اور کل بھی رہے گا لیکن ہمارا ایجنڈا تمام پاکستانیوں کو ایک قوم بنانا ہے ہم سب کے حقوق کی بات کریں گے۔