محکمہ موسمیات کی (آج ) سے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش ،پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی

پیر سے بدھ تک بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بارش ،کوئٹہ ، ژوب اورقلات ڈویژن کے پہاڑوں پر برفباری کا امکان پیر سے جمعرات تک اسلام آباد ، پنجاب ،خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کاامکان ہے ،محکمہ موسمیات

اتوار 22 جنوری 2017 11:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2017ء) محکمہ موسمیات نے (آج ) پیر سے ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارشوں اور پہاڑوں پر مزید برفباری کی پیشگوئی کی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق پیر سے بدھ کے دوران بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بارش جبکہ کوئٹہ ، ژوب اورقلات ڈویژن کے پہاڑوں پر مزید برفباری کا امکان ہے ۔ منگل اور بدھ کے روز سندھ میں بھی کہیں کہیں بارش کا امکان ہے ۔

پیر سے جمعرات کے دوران اسلام آباد ، پنجاب ،خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا میں بیشتر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر مزید برفباری ہوسکتی ہے ۔منگل سے جمعرات کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، مری ،گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑوں پر مزید برفباری کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہیگا۔

(جاری ہے)

تاہم ملک کے بالائی / وسطی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہے گا۔ کوئٹہ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں ایک دو مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے اوقات میں ہلکی دھند کا امکان ہے۔ آئندہ 48گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہیگا تاہم کوئٹہ، ژوب، مکران ڈویژن میں کہیں کہیں جبکہ مالاکنڈ ڈویژن، بالائی فاٹا اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہا تاہم دالبندین اور پنجگور میں 01ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سکردہ منفی 09، استور منفی08،پاراچنار منفی07، مالم جبہ، قلات منفی06، گوپس، کالام، راولاکوٹ، گلگت، دیر منفی 05، بگروٹ منفی 04، اور ہنزہ میں درجہ حرارت منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔