قومی دفاعی بجٹ کی بریفنگ کیلئے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی دفاع کا اجلاس 8فروری کو طلب

کمیٹی نے لورالائی میں چھائونی کے علاقے میں بلاجواز طور پر لوگوں کو بے دخل کرنے کے معاملے پر رپورٹ طلب کرلی راولپنڈی کے کنٹونمنٹ کے علاقے میں نجی تعلیمی اداروں کی پالیسی کے برعکس موجودگی پر بھی جواب طلب کرلیا گیا

اتوار 22 جنوری 2017 12:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2017ء) قومی دفاعی بجٹ کے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں استعمال کے بارے میں بریفنگ کیلئے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی دفاع کا اجلاس 8فروری کو طلب کرلیا گیا،کمیٹی نے وزارت دفاع سے بلوچستان کے علاقے لورالائی میں چھائونی کے علاقے میں بلاجواز طور پر لوگوں کو بے دخل کرنے کے معاملے پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔

اسی طرح راولپنڈی کے کنٹونمنٹ کے علاقے میں نجی تعلیمی اداروں کی پالیسی کے برعکس موجودگی پر بھی جواب طلب کرلیا گیا ۔اس خبررساں ادارے کو دستیاب ایجنڈے کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کی جانب سے سیکرٹری دفاع کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مالی سال 2016-17 کیلئے دفاعی بجٹ کی پہلی ششماہی میں استعمال کی تفصیلات سے اراکین کو آگاہ کریں،پہلی ششماہی کیلئے دفاعی بجٹ کے تحت اخراجات کے اہداف اور مختص بجٹ سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح وزارت دفاع کے اعلیٰ حکام کو کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقے میں مروجہ پالیسی کے منافی نجی سکولوں و دیگر تعلیمی اداروں کے قیام پر رپورٹ طلب کی گئی ہے۔سینیٹر سردارمحمداعظم خان موسیٰ کی جانب سے ایوان میں اٹھائے گئے متاثرین لورالائی کی شکایت کے ازالے کیلئے سیکرٹری دفاع کو موجودہ صورتحال سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔فاضل سینیٹرکے مطابق لورالائی میں چھائونی کے علاقے میں گذشتہ سو سال سے مقیم لوگوں کو بغیر کسی وجہ کے نہ صرف بے دخل کیا جارہا ہے بلکہ کئی خاندانوں کے گھر بھی مسمار کردیئے گئے ۔

یاد رہے کہ اس سرد موسم اور بارش کے دوران متاثرین لورالائی میں حال ہی میں گذشتہ کئی دنوں تک اسلام آباد میں بچوں اور خواتین کے ہمراہ شدید احتجاج بھی کیا تھا اور متعدد اراکین پارلیمنٹ نے ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔سیکرٹری دفاع کو کنٹونمنٹ بورڈ کے ہسپتال کے بڑی تعداد میں پیرامیڈک اسٹاف،ڈاکٹر اور دیگر اہلکاروں کو مستقل نہ کرنے کے حوالے سے ہسپتال میں ملازمین کو مستقل کرنے سے متعلق پالیسی پر بریفنگ کی ہدایت کردی گئی ہے۔یہ معاملہ حکمران جماعت کے سینیٹر چوہدری تنویر خان کی جانب سے اٹھایا گیا تھا۔اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا۔…(خ م+اع)

متعلقہ عنوان :