قومی اسمبلی کے رواں ہفتے شروع ہونیوالے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر بارے قرارداد لائی جائے گی

قرارداد میں مظلوم کشمیریوں اور حریت رہنمائوں سید علی گیلانی اور دیگر کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا

اتوار 22 جنوری 2017 12:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2017ء) قومی اسمبلی کے رواں ہفتے شروع ہونے والے سیشن میں مقبوضہ کشمیر کے حالات پر قرارداد لائی جائے گی،مظلوم کشمیریوں اور حریت رہنمائوں سید علی گیلانی اور دیگر کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا،قرارداد خصوصی پارلیمانی کشمیر کمیٹی کی جانب سے لائی جائے گی۔قومی اسمبلی کا 39واں سیشن رواں ہفتے جمعرات سے پارلیمنٹ ہائوس میں شروع ہوگا۔

ذرائع کے مطابق 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے خصوصی پارلیمانی کشمیر کمیٹی کی طرف سے اہم قرارداد پیش کی جائے گی اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام سے زبردست اظہار یکجہتی کی قوم سے اپیل کی جائے گی۔قرارداد مشترکہ طور پر لائی جائے گی اور چیئرمین خصوصی پارلیمانی کشمیرکمیٹی مولانا فضل الرحمان یہ قرارداد پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

قرارداد کے متن کے حوالے سے وزارت خارجہ سے بھی مشاورت کی جائے گی،قرارداد میں سید علی گیلانی سمیت دیگر حریت رہنمائوں سے بھی یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ خصوصی پارلیمانی کشمیر کمیٹی نے سال2017کو کشمیر کے سال کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے سال بھر پروگراموں کا سلسلہ جاری رہے گا،یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کمیٹی کے تحت مختلف جماعتوں کے قائدین کی قیادت میں مشترکہ کشمیر ریلی نکالنے کی تجویز بھی زیرغور ہے اس طرح مختلف جلسے جلوس بھی کمیٹی کے تحت منعقد کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا جارہاہے۔…(خ م+اع)