شہریارخان نے مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ پریوٹرن لے لیا

مصباح الحق اگر ریٹائرڈ ہونا چاہیں تو انہیں نہیں روکا جائے گا،پی سی بی چیئر مین شہریار خان

اتوار 22 جنوری 2017 14:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے چیئرمین شہریارخان نے ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے دئیے گئے بیان پر یوٹرن لے لیا۔تفصیلات کے مطابق کچھ دن قبل شہریارخان نے موجودہ ون ڈے کپتان اظہرعلی کے بارے میں کہہ دیاتھا کہ وہ بطور کپتان بورڈکا اعتماد کھوچکے ہیں جبکہ ان کی ون ڈے ٹیم میں جگہ کے حوالے سے بھی سوالیہ نشان موجود ہے۔

(جاری ہے)

اب شہریارخان نے ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کے بارے میں پینترا بدلتے ہوئے کہاہے کہ اگر وہ اب ریٹائرڈ ہونا چاہیں تو انہیں نہیں روکا جائے گا۔واضح رہے کہ اس سے قبل یہی شہریارخان ہی مصباح الحق کو ریٹائرمنٹ لینے سے روکتے رہے ہیں اورانہیں 2018 تک ٹیسٹ ٹیم کی قیادت جاری رکھنے کی درخواست کرتے رہے ہیں۔ اپنے انٹرویومیں پی سی بی کے چیئرمین شہریارخان نے کہاہے کہ مصباح الحق بے مثال کھلاڑی اور بہترین کپتان ہے،اس کی ملک کیلئے بہت خدمات ہیں،جنہیں بھلائے نہیں بھلایا جاسکتالیکن اگروہ اب ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کریں گے تو اسے منع نہیں کریں گے۔