مصباح الحق نوجوان کرکٹرز کے گن گانے لگے

فاسٹ بائولر حسن علی ٹیسٹ کرکٹ کیلئے بھی موزوں کر کٹر ہیں، نوجوان پیسرہر طرح کے ہتھیاروں سے لیس اور مشکل صورتحال میں بھی گھبراہٹ کا شکار نہیں ہوتے،عمادف وسیم بال اور بیٹ دونوں سے ٹیم کیلئے عمدہ کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں،مصباح الحق کا انٹرویو

اتوار 22 جنوری 2017 14:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2017ء) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نوجوان کرکٹرز کے گن گانے لگے، انھوں نے نوجوان فاسٹ بائولر حسن علی کو ٹیسٹ کرکٹ کیلئے بھی موزوں قرار د یتے ہوئے کہا ہے کہ پیسر ہر طرح کے ہتھیاروں سے لیس اور مشکل صورتحال میں بھی گھبراہٹ کا شکار نہیں ہوتے ، عماد وسیم کا اعتماد آل رائونڈرکومتزلزل نہیں ہونے دیتا، پاکستان کو اس طرح کے پلیئرزکی اشد ضرورت ہے۔

اپنے ایک انٹرویو میں مصباح الحق نے کہا کہ پیسر کا ٹمپرامنٹ زبردست ہے، وہ آف کٹر، پیس میں تبدیلی، بانس سمیت ہر طرح کے ہتھیاروں سے لیس ہیں،مڈل میں بولنگ کررہے ہوں یا آخر میں حسن جارح مزاج بیٹسمینوں کے سامنے مشکل صورتحال میں بھی کسی گھبراہٹ کا شکار نہیں ہوتے، کم عمری کے باوجود وہ اپنی غلطیوں سے فوری سیکھتے، بہترین فٹنس کے حامل اور ذمہ دارانہ رویہ کے بھی مالک ہیں، وہ کاکول اکیڈمی میں ملٹری ٹرینرز کی رہنمائی میں تربیتی کیمپ کے دوران ہر سرگرمی میں پیش پیش ہوتے تھے۔

(جاری ہے)

مصباح نے عماد وسیم کو بھی قابل بھروسہ کرکٹر قرار دیتے ہوئے کہا کہ آل رائونڈر بال اور بیٹ دونوں سے ٹیم کیلئے عمدہ کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، گیند ٹرن نہ بھی ہورہی ہو تو پیس کم یا زیادہ کرنے کے ساتھ اچھی لائن اور لینتھ سے رنز کا حصول دشوار بنائے رکھتے ہیں، وہ گیم پلان کوسمجھتے اور بیٹسمین کی نفسیات سے کھیلتے ہوئے اس کو غلط اسٹروک پر مجبور کردیتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عماد بیٹنگ میں کسی دبا ئوکا شکار نہیں ہوتے اور میچ کی صورتحال کے مطابق کھیلتے ہیں، دونوں شعبوں میں بلا کا اعتماد ان کو متزلزل نہیں ہونے دیتا۔مصباح الحق نے واضح کیا کہ پاکستان کو اس طرح کے کھلاڑیوں کی اشد ضرورت ہے جو ذہنی طور پر مضبوط رہتے ہوئے لڑنے کا جذبہ رکھتے ہوں۔

متعلقہ عنوان :