Live Updates

تحریک انصاف کی بنیاد پٹھان نے رکھی ،خیبرپختونخوا نے اسے سب سے زیادہ محبت دی،خیبرپختونخوا سے چلنے والی تبدیلی کی ہوا آئندہ انتخابات میں پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لی گی،دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پختون قوم نے بڑی قیمت ادا کی ہے،فاٹا کو اس کا حق نہیں ملا جو دیا جانا چاہیے تھا،سی پیک کے مکمل ہونے سے فاٹا اور دیگر پسماندہ علاقوں کو ترقی کا موقع ملے گا،تحریک انصاف محروم علاقوں کا حق عوام کو لیکر دے گی

تحریک انصاف کے وائس چئیرمین مخدوم شاہ محمودقریشی کا ملتان میں پختون سٹوڈنٹس کونسل کے کنونشن سے خطاب

اتوار 22 جنوری 2017 15:20

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2017ء) تحریک انصاف کے وائس چئیرمین مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی بنیاد ایک پٹھان نے رکھی اور خیبرپختونخواہ نے اسے سب سے زیادہ محبت دی۔خیبرپختونخواہ سے چلنے والی تبدیلی کی ہوا آئندہ انتخابات میں پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لی گی۔دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پختون قوم نے بڑی قیمت ادا کی ہے۔

ڈرون حملوں میں بہت سے معصوم شہری بھی جاں بحق ہوئے۔بہادر پختون قوم نے افواج پاکستان کیساتھ ملکرفاٹا کو دہشت گردوں سے آزاد کروایا۔پاکستان کو فخر ہے کہ پشتون قوم پاکستان کی اکائی ہے۔فاٹا کا خیبرپختونخواہ میں انضمام ممکن دکھائی دے رہا ہے۔سی پیک کے مکمل ہونے سے فاٹا اور دیگر پسماندہ علاقوں کو ترقی کا موقع ملے گا۔

(جاری ہے)

فاٹا کو اس کا حق نہیں ملا جو دیا جانا چاہیے تھا۔

تحریک انصاف محروم علاقوں کا حق عوام کو لیکر دے گی۔وہ گزشتہ روزملتان کی بہاوالدین زکریا یونیورسٹی میں پشتون سٹوڈنٹس کونسل کے سالانہ کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر ایم این اے ملک عامرڈوگر،پشتون سٹوڈنٹس کونسل کے سرپرست اعلیٰ احمد عبدالقدوس،صدر شہریارخان محسود اور سابق صدر طارق خان محسود بھی موجود تھے۔تحریک انصاف کے سینئررہنماشاہ محمودقریشی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پختون بہادرقوم ہے جس نے سپرپاورز کو شکست دی۔

سوویت یونین نے جب اپنا کلچر پختونوں پر مسلط کرنے کی کوشش کی تو پختونوں نے اپنے مذہب ،کلچر اور ثقافت کا دفاع کیا او ر روس کو افغانستان سے بھاگنا پڑا۔حال میں سپرپاور امریکہ نے پختون علاقوں میں اپنی سوچ مسلط کرنے کی کوشش کی تو وہ بھی اپنی جدید ٹیکنالوجی کے باوجود پختونوں کو مات نہیں دے سکے۔پشتون محب وطن ہیں اور دشمن کی میلی آنکھ کو پھوڑنے کی طاقت ان کے پاس موجود ہے۔

اس قوم نے دہشت گردوں سے فاٹا کو آزاد کراکے اسے پاکستان کا قلعہ ثابت کیا۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان میں پختونوں کا بہت بڑا حصہ ہے۔مجھے یقین ہے کہ جتنا ہنرمند پختون ہے ،اتنا کوئی اور نہیں ہے۔بہاوالدین زکریا یونیورسٹی اور ایمرسن کالج میں ہمارے بہت سے پشتون جوان زیرتعلیم ہیں میں انہیں خوش آمدید کہتا ہوں۔یہاں آپ سے تعلیم حاصل کرکے جائیں گے اور اپنے ملک کا نام روشن کریں گے اور اپنے علاقے کی بہتری کیلئے کام کریں ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پشتون قوم نے بڑی قیمت ادا کی ہے ۔دہشت گردوں ،خودکش حملوں اور ڈرون حملوں کا سامنا کیا۔ڈرون حملوں میں بہت سے معصوم شہری بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فاٹا کو اس کا حق نہیں ملا جو دیا جانا چاہیے تھا۔خیبرپختونخواہ اور فاٹاکا انضمام ممکن دکھائی دے رہا ہے۔جب یہ ہوگا تو فاٹا پر جو توجہ نہیں دی گئی۔

جو صحت اور تعلیم کی سہولتوں کا فقدان ہے تو وہ سب سہولتیں ملیں گی۔انہوں نے کہا کہ ہم آپ کی آواز کیساتھ آواز ملائیں گے۔سی پیک کے مکمل ہونے سے فاٹا اور دیگر پسماندہ علاقوں کو ترقی کا موقع ملے گا۔سرمایہ کاری ہوگی اور روزگار ملے گا جس سے نوجوان اپنے پائوں پر کھڑے ہوسکیں گے۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ملک عامرڈوگر ودیگر بھی موجود تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات