پنجاب میں ہیلتھ کیئر سسٹم میں بہتری لانے کیلئے ایمرجنسی افسران و انسٹرکٹرز پر مشتمل 20رکنی دستہ ترکی روانہ

اتوار 22 جنوری 2017 15:40

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2017ء) پنجاب کے ہیلتھ کیئر سسٹم میں بہتری لانے کیلئے ایمرجنسی افسران و انسٹرکٹرز پر مشتمل 20رکنی دستہ ترکی کے شہر ازمیر میں تربیت کیلئے روانہ ہوگیا۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے ریسکیو 1122ہیڈ کوارٹرز میں20رکنی وفد کو روانہ کرنے سے قبل تفصیلی بریفنگ دی اور ان پر زور دیا کہ ترکی میں قیام کے دوران وہ ایمرجنسی و ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، ٹریننگ، مانیٹرنگ اور دیگر نظام کاجائزہ لیں اور وطن واپسی پر دیگر ریسکیو افسران و اہلکاروں کو تربیت فراہم کریں۔

اس موقع پر انہوں نے ریسکیو 1122کی مسلسل سپورٹ اور سربراہی کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا تہہ دل سے شکریہ بھی ادا کیا۔ وفد کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ 2004میں ریسکیو 1122اپنے قیام سے اب تک پنجاب کے ہیلتھ کیئر سسٹم میں ایمرجنسی کیئر کے ذریعے بہتری لانے کے لئے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی قریب میں ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے اپنے دورہِ پاکستان کے دوران پنجاب کے ہیلتھ کیئر سسٹم میں بہتری لانے کیلئے مکمل تعاون کا یقین دلایا جس کے نتیجے میں ہمارے بھائی ملک ترکی کے مختلف محکمہ جات اور افسران نے پنجاب کے مختلف محکموں خصوصاًً ہیلتھ کیئر سسٹم میں بہتری لانے کیلئے جنگی بنیادوں پر تکنیکی معاونت اور تربیت کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

ڈی جی پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ترکی حکومت کے تعاون سے ملکی تربیتی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں نکھارلانے کیلئے کوشاں ہیں۔ ایمرجنسی و ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، ٹریننگ، مانیٹرنگ اور دیگر نظام کی تر بیت حا صل کر نے وا لے بیس رکنی وفد میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایچ آر ڈاکٹر فواد شہزاد مرزا، پراونشل مانیٹرنگ آفیسر میاں رفعت ضیاء، رجسٹرار اکیڈمی ڈاکٹر فرحان خالد، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر روالپنڈی ڈاکٹر عبدالرحمن ، ضلعی ایمرجنسی آفیسر اٹک میاں اشفاق، ایمرجنسی آفیسر آئی ٹی نعیم مرتضیٰ ، ہیڈ آف ٹریننگ محمد احسن، ایڈجوٹینٹ اکیڈمی ڈاکٹر علی امام سید، ہیڈ آف میڈیکل ٹریننگ ڈاکٹر احتشام مظہر ، پبلک ریلیشنز آفیسر شہناز اختر، ایمرجنسی آفیسر لاہور ڈاکٹر رضوان چوہدری، ضلعی ایمرجنسی آفیسر اوکاڑہ ظفر اقبال شاہین، سینئر انسٹرکٹر ٹریننگ عرفان خان، نرسنگ انسٹرکٹر محبوب عالم ، اشرف علی انجم، ثاقب علی اور دیگر شامل ہیں۔

ترکی میں تربیت حاصل کرنے کے بعدوطن واپسی پر وفد کے شرکاء دیگر ریسکیو افسران و سٹاف کو تربیت فراہم کریں گے۔

متعلقہ عنوان :