بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے یوم جمہوریہ کی تقریبات کے انعقاد کا کوئی حق نہیں رکھتا، شبیر شاہ

اتوار 22 جنوری 2017 15:50

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری اور جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے کہا ہے کہ جموں کشمیرایک متنازعہ علاقہ ہے لہذا بھارت کو یہاں اپنے یوم جمہوریہ کے تقریبات کے انعقاد کا حق حاصل نہیں ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جموں کشمیر بھارت کا حصہ نہیں بلکہ اس نے محض طاقت کے بل پر کشمیریوں کی مرضی کے خلاف اس پر قبضہ جما رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک کے دعوے دار بھارت کے ہاتھ نہتے کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں اس وجہ سے 26 جنوری کشمیریوں کے لیے ایک سیاہ دن ہے ۔ شبیر احمد شا ہ نے کہا کہ بھارت کا یوم جمہوریہ کشمیریوں کے لیے نئی مشکلات اور مصائب کا سبب بنتا ہے کیونکہ اس موقع پر قابض بھارتی فورسز نام نہادسیکورٹی اور تلاشی کے نام پر کشمیریوں کا قافیہ حیات مزید تنگ کرتی ہیں اور جگہ جگہ ناکے اور رکاوٹیں کھڑی کر کے لوگوں کے لیے مشکلات پیدا کی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

شبیر احمد شاہ نے کہا کہ جموں کشمیر کا بچہ بچہ بھارتی قبضے کے خلاف سینہ تا نے آزادی کے حصول کے لئے اپنے مشن پر گامزن ہے ۔انھوں نے بھارت سے کہا کہ وہ دنیا میں بدلتے منظر نامے کو دیکھتے ہوئے اپنی ہٹ دھرمی ترک کرے اور کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود ارایت دے۔ شبیر احمد شاہ نے کہا کہ کشمیری بھارتی جبر و استبداد کے باوجود اپنی تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :