پاپوا نیوگنی میں شدید زلزلہ،جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، سونامی وارننگ جاری

ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7.9 ریکارڈ کی گئی، زمین میں گہرائی 154 کلو میٹر تھی،زلزلہ پیما مرکز

اتوار 22 جنوری 2017 16:00

پورٹ مورس بی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2017ء) بحرالکاہل کے جزیرے پاپوا نیوگنی میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 7.9 ریکارڈ کی گئی،زلزلے کے بعد سونامی وارننگ جاری کردی گئی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابقبحرالکاہل کے جزیرے پاپوا نیوگنی میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 7.9 ریکارڈ کی گئی۔

زمین میں اس کی گہرائی 154 کلو میٹر تھی۔ اس زلزلے کے بعد پاپوا نیوگنی اور سولومن آئلینڈز کے علاوہ قریب واقع جزائر کے لیے سونامی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ ابتدا میں اِس زلزلے کی شدت 8بتائی گئی تھی لیکن امریکی جیولوجیکل سروے نے بعد میں اس کی شدت میں ایک پوائنٹ کمی کر دی تھی۔ پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر کے مطابق اتوار کے روز آنے والے زلزلے کے بعد ایک میٹر تک بلند سمندری لہریں ساحلوں سے ٹکرائیں گی۔

(جاری ہے)

زلزلے کے نتیجے میں ابتدائی طور پر کوئی جانی و مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ زلزلے کے بعد کئی گھنٹوں اور بعض اوقات کئی روز تک آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری رہتا ہے جس کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان ہو سکتا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ بحرالکاہل کے یہ جزائر زمین کے اس حصے پر واقع ہے، جس کی گہرائی میں آتشی پٹی ہے اور اِس پٹی کے اوپر جو ملک ہیں، وہاں زلزلے معمول ہیں۔