صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمدخاں نے ایجوکیشن روڈ میپ کا اعلان کردیا

اتوار 22 جنوری 2017 16:20

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2017ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمدخاں نے ایجوکیشن روڈ میپ کا اعلان کردیا، امتحانات کے بہترین نتائج کیلئے صوبہ میں تین ماہ کیلئے ایگزیمرجنسی نافذ کی جا رہی ہے جس کے تحت طالبعلموں کو اضافی لیکچرز بھی دیئے جائیں گے، وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کے وژن کے تحت پنجاب کو ماڈل تعلیمی صوبہ بنا یا جا رہا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب دنیا ہماری تعلیمی پالیسیوں کو فالو کرے گی۔

صوبائی وزیررانا مشہود احمد خاں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں تمام بچوں کو یکساں تعلیمی وسائل کی فراہمی ہمارا عزم ہے تا کہ کوئی بچہ غربت کی بنا پر تعلیم سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کی24گھنٹے میں ازالے کیلئے پنجاب بھر میں کمپلینٹ سیل کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح سکول ایجوکیشن کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کیلئے سنگاپور ، ملائشیا اور سری لنکا سمیت دیگر ممالک کے تعلیمی ماڈلز سے استفادہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے پچاس ارب روپے کی لاگت سے سکولوں کی بہتری کے ایک مربوط پروگرام کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت 2018ء تک صوبہ کے سکولوں کی مخدوش عمارات کی بحالی، پرائمری سکولوں میں چھتیس ہزار نئے کلاس رومز کی تعمیر اورعدم دستیاب سہولتوںکی فراہمی کویقینی بنایا جائے گا،سکولوں میں عدم دستیاب سہولیات بشمول چار دیواری ، ٹوائلٹس ،بجلی، پینے کا صاف پانی اور فرنیچر وغیرہ کی دستیابی کی شرح 69فیصد سے بڑھ کر 95فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ ان سہولیات کی فراہمی پر 30ارب روپے لاگت آئی ہے ، صوبائی وزیر نے اعلان کیا کہ2018ء تک 5سال سے 9سال تک کا ہر بچہ سکول میں ہو گا۔

متعلقہ عنوان :