پانامہ لیکس میں انصاف ہونا چاہیے، انصاف کا دوہرا معیار نہیںہونا چاہیے‘راجہ پرویز اشرف

پانامہ لیکس میں اگر پیپلزپارٹی کا کوئی لیڈر ہوتا تو اب تک کب کا پھٹے چڑھایا جا چکا ہوتا‘سابق وزیر کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 22 جنوری 2017 16:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2017ء) سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس میں انصاف ہونا چاہیے، انصاف کا دوہرا معیار نہیںہونا چاہیے،پانامہ لیکس میں اگر پیپلزپارٹی کا کوئی لیڈر ہوتا تو اب تک کب کا پھٹے چڑھایا جا چکا ہوتا۔ ان خیالات کا اظہار انہو ںنے لیک سٹی میں ریٹائرڈ ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے احمد ریاض شیخ کے بیٹے باسط ریاض شیخ کی دعوت ولیمہ کے موقع پر میڈیاسے گفتگو کے دوران کیا ۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان کی سیاست میں الزام تراشی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ،ایک دوسرے پر الزام بازی سے کسی ایک کا نہیں بلکہ سب کا نقصان ہو رہا ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے معاملے میں انصاف ہونا چاہیے ، المیہ یہ ہے کہ ہمارے لیے کوئی اور قانون ہے اور ن لیگ وہی جرم کر ے تو دوسرا قانون ہے ، انصاف کا دوہرامعیار نہیں ہونا چاہیے، ہم تو عدالتوں کاسامنا بھی کر تے ہیں، پانامہ لیکس میں اگر پیپلزپارٹی کا کوئی لیڈر ہوتا تو اب تک کب کا پھٹے چڑھایا جا چکا ہوتا۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ بلاول بھٹو میدان میں اتر آئے ہیں ، اب پارٹی ترقی کر ے گی ۔ پارا چنار دہشتگردی کے واقعہ پر انہوں نے کہا کہ دہشتگردی پو ری دنیا کا مسئلہ ہے، پاکستان دہشتگردی کے خلاف پو ری دنیا کی جنگ لڑ رہا ہے ، حکومت وقت کو دہشتگردی کے خاتمے کیلئے صرف باتیں ہی نہیں بلکہ عملی کام کرنے کی ضرورت ہے ۔