صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں کا ایجوکیشن روڈ میپ کا اعلان

معاشرے میں تمام بچوں کو یکساں تعلیمی وسائل کی فراہمی ہمارا عزم ہے کوئی بچہ غربت کی بنا پر تعلیم سے محروم نہ رہے‘رانا مشہود احمد امتحانات کے بہترین نتائج کیلئے صوبہ میں تین ماہ کیلئے ایگزیمرجنسی نافذ کی جا رہی ہے جس کے تحت طالبعلموں کو اضافی لیکچرز بھی دیئے جائیں گے‘میڈیا کے نمائندوں سے خطاب

اتوار 22 جنوری 2017 16:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2017ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمدخاں نے ایجوکیشن روڈ میپ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امتحانات کے بہترین نتائج کیلئے صوبہ میں تین ماہ کیلئے ایگزیمرجنسی نافذ کی جا رہی ہے جس کے تحت طالبعلموں کو اضافی لیکچرز بھی دیئے جائیں گے، وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کے وژن کے تحت پنجاب کو ماڈل تعلیمی صوبہ بنا یا جا رہا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب دنیا ہماری تعلیمی پالیسیوں کو فالو کرے گی۔

صوبائی وزیررانا مشہود احمد خاں نے میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں تمام بچوں کو یکساں تعلیمی وسائل کی فراہمی ہمارا عزم ہے تا کہ کوئی بچہ غربت کی بنا پر تعلیم سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کی24گھنٹے میں ازالے کیلئے پنجاب بھر میں کمپلینٹ سیل کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح سکول ایجوکیشن کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کیلئے سنگاپور ، ملائشیا اور سری لنکا سمیت دیگر ممالک کے تعلیمی ماڈلز سے استفادہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اساتذہ کو ان کا با عزت مقام دلوائے گی کیونکہ ہمارے استاد اکیسویں صدی کے چینج میکر ہیں جو ملک کو تعلیم یافتہ قیادت مہیا کرتے ہیں۔ اس حوالے سے اساتذہ کے سکیلز کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ساتھ ٹیچرز فائونڈیشن کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے تا کہ قرضوں کے حصول سمیت دیگر معاملا ت میں انہیں کسی مشکل سامنا نہ کرنا پڑے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے پچاس ارب روپے کی لاگت سے سکولوں کی بہتری کے ایک مربوط پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔ جس کے تحت 2018ء تک صوبہ کے سکولوں کی مخدوش عمارات کی بحالی، پرائمری سکولوں میں چھتیس ہزار نئے کلاس رومز کی تعمیر اورعدم دستیاب سہولتوںکی فراہمی کویقینی بنایا جائے گا۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ سکولوں میں عدم دستیاب سہولیات بشمول چار دیواری ، ٹوائلٹس ،بجلی، پینے کا صاف پانی اور فرنیچر وغیرہ کی دستیابی کی شرح 69فیصد سے بڑھ کر 95فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

ان سہولیات کی فراہمی پر 30ارب روپے لاگت آئی ہے ۔ صوبائی وزیر نے اعلان کیا کہ2018ء تک 5سال سے 9سال تک کا ہر بچہ سکول میں ہو گا۔صوبائی وزیرتعلیم رانا مشہود احمد خاں نے مزید کہا کہ طلبا و طالبات کو معیاری تعلیم کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ پنجاب کے سرکاری سکولوںکو جدیدتدریسی ٹیکنالوجی سے لیس کیا جا رہاہے۔ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں طالبعلموں کو ٹیبلیٹ کمپیوٹرزپر تعلیم دی جا رہی ہے۔

اس پراجیکٹ کے تحت سکولوں میں سمارٹ ڈیجیٹل بورڈ،سمارٹ لیبز، ٹیبلٹس اورملٹی میڈیا کلاس رومزمہیا کیے جا رہے ہیں۔ ان جدیدتدریسی آلات کی بدولت طالبعلموں کی تعلیمی کارکردگی میں مزید نکھار آئے گا۔انہوں نے بتایا کہ اس پائلٹ پراجیکٹ کے تحت 2ہزار سرکاری سکولوں میں ٹیبلٹس اور سمارٹ بورڈ نصب کئے جا رہے ہیں ۔