2کروڑ سے تعمیر ہونے والے سانگلہ ہل ریلوے انڈر پاس کی بحالی کیلئے مسلم لیگ ق نے توجہ دلائو نوٹس جمع کروادیا

اتوار 22 جنوری 2017 16:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی نے 2کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے سانگلہ ہل ریلوے انڈر پاس کی بحالی کیلئے پنجاب اسمبلی میں توجہ دلائو نوٹس جمع کروادیا۔ اپنے توجہ دلائو نوٹس میں انہوںنے کہا کہ 2کروڑ کی خطیر رقم سے تعمیر ہونے والا انڈر پاس بدستور مچھلی فارم بنا ہوا ہے 11سال گذرنے کے باوجود انڈر پاس کی بحالی اور پانی کی نکاسی کے لیے اقدامات نہ کرنا بیڈ گورننس کی انتہاہے جس کے باعث سانگلہ ہل کے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے انڈر پاس کی تکمیل کے بعد سے ایک دن بھی یہاں سے ٹریفک نہ گزر سکی ۔

خدیجہ فاروقی نے کہا کہ انڈر پاس میں دس فٹ تک پانی کھڑا رہتا ہے جہاں پر مچھروں کی افزائش تیزی سے ہورہی ہے جس کے باعث ملحقہ آبادیوںمیں بیماریاں پھیل رہی ہے اور ڈینگی جیسا خطرناک مرض پھیلنے کا بھی خطرہ ہر وقت لاحق رہتا ہے ۔

(جاری ہے)

انڈر پاس میں مسلسل پانی کھڑا رہنے سے انڈر پاس اور ریلوے لائن کو بھی خطرہ لاحق ہے۔وزیراعظم کی جانب سی11نومبرکو سانگلہ ہل موٹر وے انٹر چینج کے افتتاح پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ریلوے انڈر پاس کی بحالی کے اعلان کے باوجود اس پر تاحال عملدرآمد نہ ہوا ایل ڈی اے کی ہدایات پر بھی عمل نہ ہوسکا۔

قومی خزانے سے 2کروڑ روپے خرچ کرکے اس عوامی منصوبہ کی بحالی نہ ہونا افسوسناک امر ہے اس لیے ذمہ دراوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور سانگلہ ہل انڈر پاس بحال کرواکر رپورٹ پنجاب اسمبلی میں پیش کی جائے تاکہ اس منصوبہ سے عوام فائدہ اٹھاسکیں۔

متعلقہ عنوان :