بھارت کشمیریوں کے جذبہ حق خودارادیت کو ہرگز متزلزل نہیں کرسکتا، سید علی گیلانی

اتوار 22 جنوری 2017 18:30

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے انتفادہ نے ایک مرتبہ پھر بھارت کو یہ واضح اور ٹھوس پیغام دیا کہ وہ کشمیریوں کے جذبہ حق خودارادیت کو ہرگز متزلزل نہیں کرسکتا۔ کشمیر میڈیاسروس مطابق سیدعلی گیلانی نے اتوار کو سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انتفادہ کے دوران کشمیریوں کے عزم وہمت اورصبر و استقامت کو سراہا ۔

سید علی گیلانی نے کہاکہ بھارت تحریک آزادی کو کمزور کرنے کے لیے انتہائی اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہاہے لیکن وہ اپنے مذموم ارادے میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گا۔ اجلاس میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی تمام اکائیوںکے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مجلس شوریٰ کے اجلاس میں انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی گئی کہ وہ کشمیری نظر بندوں کی حالت زار کا نوٹس لیتے ہوئے انکی رہائی کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔

حریت رہنمائوں شبیر احمد ڈار ، محمد اقبال میر، امتیاز احمدریشی اور غلام نبی وار نے اپنے مشترکہ بیان میں بھارتی پولیس کی طرف سے سرینگر میں انسانی حقوق کے کارکن محمد احسن اونتوپر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی۔ بھارتی فورسز نے ضلع بارہمولہ کے علاقے فتح گڑھ میں ایک بڑے تلاشی آپریشن کے دوران 2016کی احتجاجی تحریک کے دوران پرامن مظاہروں میں حصہ لینے کی پاداش میں متعدد نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔

پیلٹ سے متاثرہ افراد نے شدید سردی کے باوجود آنکھوں پر چشمے چڑھا کرسرینگر کے پریس انکلیو پرمہلک ہتھیاروں کے استعمال کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ حریت رہنمائوں میر واعظ عمرفاروق، محمد یاسین ملک اور فاروق احمد توحیدی نے اپنے الگ الگ بیانات میںمقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر مباحثے کا انعقاد کرنے اورکشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کرنے پر برطانوی ارکان پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے نامزد مفتی اعظم اورمسلم پرسنل لاء بورڈ کے نائب چیئرمین مفتی ناصرالاسلام نے ایک بیان میں جموں وکشمیر کے سٹیٹ سبجیکٹ قانون کوکمزور کرنے کی بی جے پی اور پی ڈی پی کی کٹھ پتلی انتظامیہ کی کوششوں کی شدید مذمت کی ہے۔ادھر برطانیہ میں سامراج مخالف اور نسل پرستی کے خلاف قائم تنظیم سائوتھ ایشیا سالیڈیرٹی گروپ نے ایک بیان میںممبئی کی عدالت عالیہ کے اس فیصلے کی مذمت کی ہے جس میںایک معصوم مسلمان کے ماورائے عدالت قتل کو سندجواز بخشا گیاہے۔ گروپ نے فیصلے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے یہ حقیقت بے نقاب ہوگئی ہے کہ بھارت کی عدالتیں ہندوتوا کے نظریے سے متاثر ہیں ۔