نیو ائیر نائٹ پر پکڑی گئی شراب کی چالیس ہزار بوتلیں اسلام آباد کے شہریوں کیلئے موت کی گھنٹی

ملزمان نے دسمبر 2016 کے آخری ہفتہ میں کسٹمز حکام کو تحریری لکھ کردیا دو ہفتے بعد یہ بیئر زاہد المعیاد ہوجائے ،تھانہ شالیمار ہفتے میں پڑی ہوئی بیئر کو چار ہفتے گزر گئے ملزمان نے شراب سپرداری پر حاصل کرنے کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا،پولیس نے بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی

اتوار 22 جنوری 2017 18:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2017ء) نیو ائیر نائٹ پر تھانہ شالیمار میں پکڑی گئی بیئر کی چالیس ہزار بوتلیں اسلام آباد کے شہریوں کیلئے موت کی گھنٹی بن چکی ہیں۔ شراب فروخت کرنے والے ملزمان نے دسمبر 2016 کے آخری ہفتہ میں کسٹمز حکام کو تحریری طو رپر لکھ کردیا کہ دو ہفتے بعد یہ بیئر زاہد المعیاد ہوجائے گی۔ تھانہ شالیمار ہفتے میں پڑی ہوئی بیئر کو چار ہفتے گزر گئے۔

ملزمان نے شراب سپرداری پر حاصل کرنے کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا۔ پولیس نے بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی تھانہ سے نکال کر بھیجی گئی زہریلی شراب نے 42 افراد کی جان لے لی تھی۔ تفصیلات کے مطابق شالیمار پولیس نے ہیپی نیو ائیر کے موقع پر ایک گھر پر چھاپہ مار کر فلپائنی خاتون انیلا کے گھر سے غیر ملکی بیئر کی چالیس ہزار بوتلیں برآمد کی تھیں اور تین افراد عبدالعزیز ‘ عمران یونس اور شبیر کو گرفتار کیا گی تھا۔

(جاری ہے)

اس غیر قانونی دھندے میں ملوث ہونے پر فلپائن کے سفیر نے اپنی سفارتکار انیلا کو وطن واپس بھیج دیا تھا اور اس کے خلاف فلپائن میںقانون کے مطابق کارروائی شروع کرنے کی سفارش بھی کی گئی۔ بیئر کے اس ذخیرے سے پکڑے گئے تین افراد کی ضمانتیں مقامی عدالت کے جج راجہ وقاص نے منظور کرلی ہیں۔ ان مین عبدالعزیز ‘ شبیر اور عمران یونس کو ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ملزمان کی طرف سے عدالت میں ایک نئی درخواست بیئر کی سپرداری کیلئے دائر کردی گئی ہے اور موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس بیئر کو فروخت کا ہمارے پاس لائسنس ہے اس درخواست کی سماعت 25 جنوری کو ہوگی۔ لیکن اس پکڑی گئی بیئر کے حوالے سے پولیس ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ملزمان نے جب یہ بیئر کسٹمز حکام سے کلیئر کروائی تو کہا گیا تھا کہ یہ بیئر صرف دو ہفتے میں استعمال ہوسکتی ہے اس کے بعد یہ زائد المیعاد ہوجائے گی۔

زائد المیعاد بیئر میں زہریلے جراچیم پیدا ہوجاتے ہیں جو کہ پینے والے کیلئے موت کا باعث بنتے ہیں۔ گزشتہ ماہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی تھانے کے مال خانے میں پڑی ہوئی زہریلی شراب کو شراب فروشوں سے مل کر مارکیٹ میں فروخت کردیا گیا جس سے 42 شہری جان کی بازی ہار گئے۔ اور اس وقت تھانہ شالیمار کے وسیع لان میں پڑی ہوئی بیئر کی زائد المیعاد چالیس ہزار بوتلیں نہ جانے کس کس کا گھر اجاڑنے کا باعث بنیں گی کیونکہ وفاقی پولیس نے غیر ملکی شراب کا دھندہ کرنے والوں کو اپنے تعاون کی مکمل یقین دہانی کرادی ہے۔

واضح رہے کہ غیر ملکی شراب کے دھندے کا اصل سرغنہ ملک عامر ہے اور شراب فروخت کرنے کا اس کا لائسنس 2015 ء سے ختم ہوچکا ہے اور جعلسازی سے شراب کی فروخت کا لائسنس بنوانے پر ایف بی آر حکام نے اس کے خلاف مقدمہ بھی درج کر رکھا ہے۔ ملک عامر اور اس کے ساتھی غیرملکی شراب کا غیر قانونی دھندہ سالہا سال سے کررہے ہیں اور نادرا ریکارڈ کے مطابق ملک عامرنے دو مسلمانوں کو قادیانی ظاہر کرکے بھی شراب کی فروخت کا لائسنس لے رکھا تھا اس پر تحقیقات جاری ہیں۔

اس حوالے سے ملزمان کے وکیل عمران فیروز سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ تھانہ شالیمار کے لان میں پڑی ہوئی ساری بیئر زائد المیعاد نہیں ہے البتہ اسمیں کچھ کارٹن ایسے ہیں جو زائد المیعاد ہیں اور میری معلومات کے مطابق چالیس کے قریب کاٹن زائد المیعاد ہیں۔ ہم یہ عدالت کو بتائیں گے اور زائد المیعاد کاٹن ضائع کردیئے جائیں گے۔ (عابد شاہ)

متعلقہ عنوان :