امریکہ‘ بھارت اور اسرائیل صہیونی عزائم کے ساتھ مسلمانوں کے خلاف بدترین دہشت گردی کے مرتکب ہو رہے ہیں

انتہاء پسندی اسلامی یا غیر اسلامی نہیں ہوتی‘ اغیار کی خود ساختہ اسلام دشمن سوچ ہے۔ ٹرمپ اپنی سوچ اور پالیسیوں پر نظر ثانی کریں اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان کے زیر اہتمام لاہور میں یوتھ کنونشن سے خطاب

اتوار 22 جنوری 2017 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2017ء) اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان کے زیر اہتمام لاہور میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ انتہاء پسندی اسلامی یا غیر اسلامی نہیں ہوتی، شدت پسندی کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں، عالم اسلام کی پسپائی کے لیے اغیار متحد ہیں، مسلمان اگر آج متحد نہ ہوئے تو مار کھاتے رہیں گے، ٹرمپ کا دور مسلمانوں کے لیے بدترین ثابت ہو گا، امریکہ بھارت اور اسرائیل اپنے صہیونی عزائم کے ساتھ مسلمانوں کے خلاف بدترین جرائم کے مرتکب ہو رہے ہیں۔

انتہاء پسندی اغیار کی خود ساختہ سوچ ہے۔ ٹرمپ کو اپنی انتہاء پسندانہ سوچ اور پالیسیوں پر نظر ثانی کرنا چاہیے۔ اتوار کو اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان کے زیر اہتمام لاہور میں یوتھ کنونشن سے حافظ فیصل افضل شیخ‘ حافظ عامر صدیقی‘ عبدالوحید بٹ‘ علامہ قاری الیاس‘ صاحبزادہ حافظ بابر فاروق رحیمی‘ مفتی عبدالرحیم قریشی‘ عطاء الرحمن حقانی سمیت دیگر نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقعہ پر اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان 26 جنوری سے 5 فروری تک عشرہٴ عزم کشمیر منانے کا اعلان کیا۔ اس سلسلہ میں ملک بھر میں جلسے‘ جلوس‘ سیمینارز‘ ریلیاں نکالی جائیں گی۔ مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔ 5 فروری کو بتی چوک سے مسجد شہداء تک عزم کشمیر کارواں ہو گا۔ حافظ فیصل افضل شیخ نے کہا کہ مسلمان کبھی بھی اپنے نبی کی ناموس پر سمجھوتا نہیں کر سکتے۔ اسلامی شعائر کی توہین قابل مذمت ہے۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار کی ایسے عناصر کی پشت پناہی قابل افسوس ہے۔ حافظ عامر صدیقی نے کہا کہ حکمران حیلوں بہانوں سے قانون تحفظ ناموس رسالت میں ترمیم/تبدیل یا ختم کرنے کا خواب دل سے نکال دیں۔