صنعتی علاقوں میں گیس کی پورے پریشر کے ساتھ فراہمی یقینی بنائی جائے‘ لاہور چیمبر

اتوار 22 جنوری 2017 20:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2017ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالباسط اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے حکومت پر زور دیا ہے کہ صنعتی علاقوں میں گیس کی پورے پریشر کے ساتھ فراہمی یقینی بنائے ۔ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ اس وقت جب برآمدی ہدف پورا کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، صنعتوں کے لیے گیس کی عدم دستیابی ان میں مزید اضافہ کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو کم پریشر کے ساتھ گیس فراہم کرنیکا بھی کوئی فائدہ نہیں ، گیس کے کم پریشر کا مطلب گیس کا نہ ہونا ہے کیونکہ شکایات کے مطابق پریشر اس قدر کم ہوجاتا ہے کہ اس کے ذریعے مشینری چلنا ممکن نہیں رہتا۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ گیس صنعتوں کا اہم خام مال ہے جس کے بغیر صنعتی پہیہ رواں رہنا ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہے، رواں مالی سال کے لیے مقررہ محاصل کا بھاری ہدف اسی صورت حاصل ہوسکے گا جب کاروباری برادری برادری اپنا بہترین کردار ادا کرے گی لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ انہیں درپیش مسائل حل کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات سے وابستہ صنعتوں کو گیس اور بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانا ضروری ہے تاکہ پیداوار بڑھے اور برآمدات میں اضافہ ہو۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ عالمی منڈی میں مدّمقابل ممالک غلبہ پارہے ہیں ، صورتحال کے پیش نظر ہمیں اپنی برآمدات سے وابستہ صنعتوں کے مسائل جلد از جلد حل کرنا ہونگے۔

متعلقہ عنوان :