نوازشریف اور شہبازشریف نے عوام کی بھلائی کا کوئی کام نہیں کیا،پرویزالٰہی

ن لیگ کے حالیہ 9سال میں عوام کو جس بدحالی کا سامنا ہے اسے دیکھ کر لوگ ہمارے کام یاد کر رہے ہیں، ن لیگ نے جو کچھ کیا خود کو اور اپنے حواریوں کو نوازنے کیلئے کیا ، پنجاب کے 666ارب روپے کے بجٹ میں سے 300ارب صرف لاہور میں ڈالر بنائو نمائشی منصوبوں کیلئے رکھے گئے ہیں،زشریف کے دور میں ریکارڈ چوریاں اور ڈاکے پڑ رہے ہیں، ہسپتال دوائیوں سے محروم ہیں ، مسلم لیگی اب گھر نہ بیٹھیں، لوگوں کو ہماری خدمات یاد کرائیں، مخلص کارکن ہمارا سب سے بڑا سرمایہ ہیں پاکستان مسلم لیگ کے سینئر رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی کا راولپنڈی میںکنونشن سے خطاب

اتوار 22 جنوری 2017 20:20

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ن لیگ کے حالیہ 9سال میں عوام کو جس بدحالی کا سامنا ہے اسے دیکھ کر لوگ ہمارے کام یاد کر رہے ہیں، نوازشریف اور شہبازشریف نے عوام کی بھلائی کا کوئی کام نہیں کیا، جو کچھ کیا خود کو اور اپنے حواریوں کو نوازنے کیلئے کیا ۔

پنجاب کے 666ارب روپے کے بجٹ میں سے 300ارب صرف لاہور میں ڈالر بنائو نمائشی منصوبوں کیلئے رکھے گئے ہیں،زشریف کے دور میں ریکارڈ چوریاں اور ڈاکے پڑ رہے ہیں، ہسپتال دوائیوں سے محروم ہیں ، مسلم لیگی اب گھر نہ بیٹھیں، لوگوں کو ہماری خدمات یاد کرائیں، مخلص کارکن ہمارا سب سے بڑا سرمایہ ہیں۔ وہ اتوار کو پارٹی کی تنظیمی نو کے سلسلہ میں دھمیال راولپنڈی میں پہلے ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

ورکرز کنونشن میں ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی، چودھری پرویزالٰہی بڑی ریلی کے ہمراہ یہاں پہنچے تو ’’پنجاب کے مظلوم عوام کا واحد سہارا، پرویزالٰہی ہمارا‘‘، چودھری شجاعت حسین، مونس الٰہی اور دیگر قائدین کے حق میں پرجوش نعرے لگائے گئے۔ کنونشن میں نومنتخب مرکزی سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ، چیف آرگنائزر محمد بشارت راجہ، چودھری ظہیرالدین، محمد اجمل وزیر نے بھی خطاب کیا جبکہ ناصر راجہ، حامد نواز راجہ، حافظ عمار یاسر، راجہ معین سلطان، چودھری جاوید نذیر، سید سجاد حسین شاہ، نصیر احمد راجہ، چودھری شفقت، حاجی مجید، امین اللہ خان اور دیگر مسلم لیگی رہنما موجود تھے۔

محمد بشارت راجہ کی جانب سے کنونشن کے شرکا کو استقبالیہ بھی دیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف نے عوام کی بھلائی کا کوئی کام نہیں کیا، جو کچھ کیا خود کو اور اپنے حواریوں کو نوازنے کیلئے کیا ۔کسانوں کوجعلی چیک دئیے گئے، ہم نے راجن پور سے لے کر اٹک تک تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹر تعینات کیے، دوائیاں فری فراہم کیں، ان کے 9سال میں 9نمائشی سکیمیں ناکام ہو گئیں، عوام کا اربوں روپیہ ہڑپ کر لیا گیا، پنجاب کے 666ارب روپے کے بجٹ میں سے 300ارب صرف لاہور میں ڈالر بنائو نمائشی منصوبوں کیلئے رکھے گئے ہیں، 24ارب جنگلہ بس کی سبسڈی جبکہ ڈالر کمائو اورنج لائن پر اربوں روپے لگائے جا رہے ہیں، 34 اضلاع کے عوام کا حق چھین کر اورنج لائن کو چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہمارے منصوبے بند کر کے شہبازشریف کو شرمندگی کے سوا کچھ نہیں ملا، ہم نے پوٹھوہار میں 25چھوٹے ڈیم بنائے، پنجاب کو سرسبز کرنے کیلئے چولستان تک پانی فراہم کیا جبکہ شہبازشریف کے دور میں ریکارڈ چوریاں اور ڈاکے پڑ رہے ہیں، ہسپتال دوائیوں سے محروم ہیں، ایک ایک بیڈ پر 4,4مریض ہیں، صحت مندوں کو جعلی سٹنٹ ڈالے جا رہے ہیں اور مستحق مریض ہسپتالوں کے ٹھنڈے فرش پر دم توڑ رہے ہیں، 100ارب کا سرپلس صوبہ 3000 ارب کا مقروض ہے، چیف منسٹر ڈاکٹر، آلات اور ادویات کی بجائے ہسپتالوں کے واش روم چیک کرتا ہے، مرکزی سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ نوازشریف تمام اداروں پر اجارہ داری چاہتے ہیں، حکمران فوج اور فوجی عدالتوں کو بدنام کر رہے ہیں جبکہ فوجی عدالتوں نے 662 فیصلے کیے اور انہوں نے صرف 12 پر عملدرآمد کیا، چودھری پرویزالٰہی کے دور کا موازنہ ان حکمرانوں کے دور سے بنتا ہی نہیں، ہماری حکومت نے اس صوبے کیلئے جو کچھ کیا وہ کوئی اور نہیں کر سکتا، صحت کے شعبے کی مثال آج حکمران بھی دینے پر مجبور ہیں، حکمرانوں کو بخار ہو تو لندن کے بغیر چیک اپ نہیں ہوتا، پولیس ان کے خاندان کی حفاظت پر مامور ہے جبکہ غریب کا کوئی پرسان حال نہیں۔

چودھری پرویزالٰہی نے تونسہ بیراج کی توسیع کر کے پنجاب کے پسماندہ علاقوں کو پانی فراہم کیا، 1122 کی شکل میں چودھری پرویزالٰہی نے اپنی آخرت سنوار لی ہے مگر موجودہ حکمرانوں نے جاتی عمرہ اور نمائشی منصوبوں پر فوکس کر کے نہ صرف کروڑوں انسانوں کے حقوق سلب کیے ہیں بلکہ ان کی اموات کے بھی یہ ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں الیکشن کی تیاری میں مصروف ہو چکی ہیں، اگر الیکٹورل ریفارمز نہ کی گئیں تو الیکشن کا کوئی فائدہ نہیں، چودھری خاندان نے یہیں سیاست کرنی ہے، یہیں جینا ہے یہیں مرنا ہے، پانامہ لیکس پر حکومت ہمارے ٹی او آر مان لیتی تو آج ان کا یہ تماشہ نہ بنتا۔

چیف آرگنائزر محمد بشارت راجہ نے بطور وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کے دور کی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کو دوبارہ موقع ملا تو وہ پنجاب کی طرح پورے ملک کی خدمت کریں گے۔ (رڈ)