لاہور کی تمام مارکیٹوں میں بے ہنگم بجلی کی تاروں کو درست کروائی جائیں، بابر محمود

اتوار 22 جنوری 2017 22:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2017ء) خدمت گروپ ہال روڈ کے صدر و تاجر رہنما بابر محمود نے کہا ہے کہ چیئرمین لیسکو فوری طور پر لاہور کی تمام مارکیٹوں میں بے ہنگم بجلی کی تاروں کو درست کروائیں،متعدد بار خصوصاً گرمیوں کے دوران بجلی کا استعمال بڑھ جانے اور ائر کنڈیشنرز کے اس استعمال کے باعث شارٹ سرکٹ کے نا خوشگوار واقعات رونما ہونے کے باعث تاجروں کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچ چکا ہے ۔

آئندہ موسم گرما میں کسی بھی قسم کے نا خوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے پنجاب حکومت فوری طور پر چیئرمین لیسکو کو احکامات جاری کرے تاکہ لاہور کی تمام مارکیٹوں میں بجلی کی تاروں کے بے ہنگم جال درست کر کے تاروں کو مناسب طریقے سے پائپ لائنز کے اندر کور کیا جائے یا پھر انہیںترتیب سے کلپ کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ موسم سرما میں محکمہ لیسکو حکام کے پاس وقت ہے کہ بجلی بند کر کے تمام مارکیٹوں میں بجلی کے تاروں کے بے ہنگم جال درست کر لئے جائیں۔

بابر محمود نے کہاکہ چیئرمین لیسکو کو تجویز دیتا ہوں کہ وہ لاہور کی تمام مارکیٹوں کے تاجر رہنماؤں اور کاروباری افراد کے ساتھ ملکر بہت جلد چھوٹی بڑی مارکیٹوں کا سروے کر کے ان مارکیٹوں کے اندر بجلی کی تاروں کے حوالے سے معاملات کو درست کروائیں اس سے لائن لاسسزجیسے معاملات کو بھی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ لیسکو کے ان اقدامات سے تاجر بھائیوں کو بجلی کی بے ہنگم تاروں کے شارٹ سرکٹ کے باعث کسی بھی قسم کے متوقع نقصانات سے بچایا جا سکے۔

انہوں نے کہاکہ لاہور کی تمام تر تاجر برادری پنجاب حکومت کو ہر طرح کا تعاون کا یقین دلاتی ہے ۔اجلاس میں خدمت گروپ ہال روڈ کے صدر بابر محمودکی صدارت میں سہیل محمود بٹ ، شیخ فیاض ، شہزادہ وقاص،سہیل سرفراز منج،معظم علی خان ،عابد حسین،عمران بشیر سمیت دیگر کاروباری افراد نے شرکت کی

متعلقہ عنوان :