Live Updates

تحریک انصاف بلوچستان کا صوبے کے برف باری سے متاثرہ اضلاع میں حکومتی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار

اتوار 22 جنوری 2017 22:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2017ء) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان نے صوبے کے برف باری سے متاثرہ اضلاع میں حکومتی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روز اول سے ایف سی متاثرین کی مدد وامداد کے لئے فوری اقدامات نہ کرتی تو بہت بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا تھا۔ ایف سی نے موثر ریسکیو کرتے ہوئے سینکڑوں لوگوں کی جانیں بچائیں اس کے برعکس صوبائی حکومت کی کارکردگی محض تشہیر کی حد تک ہی ہے۔

پی ٹی آئی بلوچستان کے صوبائی سینئر نائب میر محمد اسماعیل لہڑی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ حالیہ شدید برف باری کے باعث متاثر ہونے والے لوگوں کی ایک بڑی تعداد بے یارومددگار امداد کی منتظر ہے۔ تاہم صوبائی حکومت کی جانب سے اشتہاری مہم اور خالی خولی دعوؤں کے علاوہ کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے ۔

(جاری ہے)

دشت، کوئٹہ، قلات، مستونگ، سوراب، خاران، جوہان، منگچر، توبہ کاکڑی، برشور، قلعہ عبداللہ ، لورالائی ، موسیٰ خیل، ہرنائی، کان مہترزئی، مسلم باغ سمیت دیگر علاقے کے عوام برف باری سے شدید متاثر ہوئے اور ان علاقوں میں کاروبار زندگی گزشتہ ایک ہفتے سے عملاً مفلوج ہے۔

لیکن حکومت کی بے حسی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ صوبائی حکومت کے ارباب اختیار صوبے کے عوام کی مدد وامداد کے بجائے اسلام آباد میں بیٹھ کر پانامہ لیکس پر قوم سے جھوٹ بولنے والوں کا دفاع کرنے میں مصروف عمل ہیں۔پی ٹی آئی بلوچستان نے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرین کی حقیقی مدد وبحالی کے لئے ایریا اقدامات اٹھانے کے ساتھ ساتھ شفاف انداز میں ان کی مالی امداد کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات