اتوار بازاروں میں خواتین کیلئے بھی اسٹال مخصوص کردیئے گئے ہیں ، حمیدہ وحیدالدین

محکمہ ترقی خواتین پنجاب کے زیراہتمام اتوار بازار وں میں خواتین کو کاروبار کے مواقع حاصل ہوں گے،خواتین کی شرکت کے بغیر اجتماعی ترقی کا خواب ادھورا ہے، صوبائی وزیر برائے ترقی خواتین پنجاب حمیدہ وحیدالدین

پیر 23 جنوری 2017 00:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جنوری2017ء) وزیر برائے ترقی خواتین پنجاب حمیدہ وحیدالدین نے کہاہے کہ صوبہ بھر کے اتوار بازاروں میں خواتین دوکانداروںکے لئے جگہیں مخصوص کردی گئی ہیں تاکہ وہ خود روزگار کما سکیں ۔وہ اتوار کو محکمہ ترقی خواتین پنجاب کے زیر اہتمام ، وویمن چیمبر آف کامرس اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے تعاون سے خواتین دوکانداروں کے سٹالز کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہی تھیں ، اس موقع پر وویمن چیمبرز کی صدر شازیہ ، ڈاکٹر شہلہ جاوید اکرم ، ڈائریکٹر طاہر علی اور دیگر بھی موجود تھے - صوبائی وزیر نے کہاکہ وویمن پیکج کے تحت تمام اتوار ، سستے اور رمضان بازاروں میں خواتین دوکانداروں کے لئے سٹالز مختص کرنے کا مقصد خواتین کے لئے معاشی خوداختیاری کی حوصلہ افزائی کرنا ہے - انہوں نے کہاکہ خواتین کی بھرپور شرکت کے بغیر اجتماعی ترقی کا خواب ادھورا ہے اسی لئے ہم وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق خواتین کی معاشی خود کفالت کیلئے کوشاں ہیں اور انہیں زندگی کے ہر شعبہ میں آگے بڑھنے کے خاطر خواہ مواقع فراہم کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حکومتی ترجیحات کے مطابق خواتین کی ترقی کے لئے متعدد عملی اقدامات اٹھائے گئے ہیں - حکومت کی خود روزگار سکیم کے تحت خواتین کوبلا سود قرضوں کی فراہمی بھی جاری ہے جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہورہے ہیں - بعد ازاں صوبائی وزیر نے خواتین کے سٹالز کا دورہ کیا اور خواتین دوکانداروں سے سٹالز کے متعلق دریافت کیا - خواتین دوکانداروں نے معاشی ترقی کے لئے حکومت کے اس اقدام کو بے حد سراہا ۔

متعلقہ عنوان :