یوکرین نے ایران جانے والا میزائل بردار طیارہ ضبط کر لیا

پیر 23 جنوری 2017 11:15

کیف ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) یوکرین نے ایران جانے والا ایک میزائل بردار طیارہ ضبط کرنے کا اعلان کیا ہے۔العریبہ ٹی وی کے مطابق یوکرینی حکام نے اس طیارے کو دارالحکومت کیف کے جولیانے ائیرپورٹ پر روک لیا ہے۔اس پر روسی ساختہ ٹینک شکن گائیڈڈ میزائل لدے ہوئے تھے۔روس کی خبررساں ایجنسی انٹرفیکس نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین کی سرحدی پولیس نے کیف کے ہوائی اڈے پر ہتھیار برآمد کیے ہیں۔

تلاشی کے دوران 17 ایسے کنٹینر برآمد ہوئے ہیں جن کا پرواز کی کارگو تفصیل میں اندراج نہیں تھا۔ایک یوکرینی ترجمان نے بتایا ہے کہ تین کنٹینروں میں ہلکے وزن کے میزائل چھپائے گئے تھے۔ یہ انفرا ریڈ گائیڈڈ ٹینک شکن میزائل ہیں جبکہ باقی چودہ بکسوں سے طیارے کے فاضل پرزہ جات برآمد ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

طیارے کے عملہ نے ابتدائی تفتیش کے دوران ہتھیاروں کی موجودگی کے بارے میں لاعلمی ظاہر کی ہے۔

عملہ کے ارکان میں ایرانی یا یوکرینی شامل ہیں۔بعد میں یوکرینی حکام نے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کے الزام میں ان ہتھیاروں کو ضبط کر لیا ہے۔واضح رہے کہ ایران اور 6 بڑی طاقتوں کے درمیان جولائی 2015ء میں طے شدہ جوہری معاہدے کے تحت ایران پر اقوام متحدہ کی عائد کردہ بیشتر پابندیاں گذشتہ سال جنوری میں ختم کردی گئی تھیں لیکن ایران پر ابھی تک اسلحے کی خرید کی پابندی اور دیگر پابندیاں عائد ہیں۔یہ پابندیاں جوہری معاہدے کا حصہ نہیں ہیں۔

متعلقہ عنوان :