ایران میں زعفران کو ذخیرہ کرنے کے لئے پہلا جدید ترین سٹوریج قائم

پیر 23 جنوری 2017 11:17

تہران۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) ایران میں زعفران کو ذخیرہ کرنے کے لئے پہلا جدید ترین سٹوریج زعفران بینک صوبہ خراسان رضوی کے شہر تربت حیدریہ میں قائم کر دیا گیا۔ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق زعفران بینک کے قیام کا مقصد اس اہم ترین پیداوار کی کوالٹی اور معیار کو محفوظ اور اسے بہتر سے بہتر بنانا ہے۔

(جاری ہے)

زعفران بینک کے سربراہ غلام رضا کریمی کے مطابق اب تک زیادہ تر کاشت کاروں کی جانب سے زعفران کی پیداوار کو روایتی طریقے سے اپنے گھروں میں محفوظ رکھا جاتا تھا جس کے نتیجے میں ان کی کوالٹی میں فرق پڑ جاتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ زعفران بینک جدید سائنسی طریقے سے کام کرے گا جس کے نتیجے میں اس قیمتی قومی پیداوار کی کوالٹی محفوظ رہے گی۔انہوں نے کہا زعفران کو مکمل تاریکی میں سات سے نو ڈگری سینٹی گریڈ میں محفوظ رکھا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ زعفران بینک، دنیا کے جدید ترین سکیورٹی سسٹم سے بھی آراستہ ہے اور مسلح افواج کے جوان، چوبیس گھنٹے اس کی نگرانی کر رہے ہیں۔واضح ر ہے کہ صوبہ خراسان رضوی میں ایک لاکھ سترہ ہزار خاندان زعفران کی کاشت میں مشغول ہیں جس میں چودہ سے پندرہ ہزار صرف تربت حیدریہ شہر میں مقیم ہیں۔

متعلقہ عنوان :