برطانوی حکومت کے زیر اہتمام بین الاقوامی تعلیمی فورم کا آغاز‘ وزیراعظم آزاد کشمیر کی شرکت

پیر 23 جنوری 2017 15:38

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جنوری2017ء) برطانوی حکومت کے زیر اہتمام بین الاقوامی تعلیمی فورم کا آغاز ہو گیا۔ افتتاحی سیشن میں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان ، وفاقی وزیر مملکت برائے تعلیم بلیغ الرحمان، پاکستان کے چاروں صوبوں کے وزراء تعلیم ، وزیر اعظم پاکستان کے خصوصی مشیربرائے تعلیم علی رضاسمیت پوری دنیا سے ماہرین تعلیم شرکت کررہے ہیں۔

بین الاقوامی تعلیمی فورم27جنوری تک جاری رہے گاجبکہ اس دوران وزیر اعظم آزاد کشمیر کی اعلیٰ برطانوی حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔ آزاد کشمیر میں تعلیمی معیار کی بہتری اور ٹیچر ٹریننگ سے متعلق دیگر امور پر اہم پیش رفت متوقع ہے۔ تعلیمی فورم میںآزاد کشمیر سے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان ، وزیر تعلیم بیرسٹر افتخارعلی گیلانی ،وزیر خزانہ ڈاکٹر نجیب نقی، سیکرٹری تعلیم ارشاد قریشی ،وزیر اعظم آزاد کشمیر کے پرنسپل سیکرٹری مسعود الرحمان ، پریس سیکرٹری راجہ وسیم،پنجاب سے وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان، سیکرٹری تعلیم پنجاب ،سندھ سے وزیر تعلیم جام مہتاب داہڑ ، خیبر پختونخواہ سے وزیر تعلیم محمد عاطف خان ، بلوچستان سے سپیکر اسمبلی راحیلہ درانی، گلگت بلتستان سے وزیر تعلیم ابراہیم ثنئی اور دیگر ماہرین شرکت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں پاکستان اور آزاد کشمیر میں تعلیمی معیار کی بہتری پر بات کی جائے گی۔ اس موقع پر آزاد حکومت اور برٹش کونسل کے زیراہتمام مختلف منصوبہ جات کے حوالے سے معاہدوں پر بھی دستخط متوقع ہیں جس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر بھی شرکت کریں گے۔ برٹش کونسل آزاد کشمیر میں تعلیمی معیار کی بہتری اور کوالٹی ایجوکیشن کیلئے بھرپور مدد فراہم کرے گی اور اس حوالے سے ذرائع کے مطابق تمام معاملات طے پا گئے جبکہ وزیر اعظم آزاد کشمیر اس تقریب کے مہمان خصوصی ہونگے جس میں آزاد کشمیر کے وزیر تعلیم اور برطانوی حکومت کے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیداران معاہدے پر دستخط کریں گے۔

متعلقہ عنوان :