میں چاہتی ہوں میرے ملک کے لوگ فلم رئیس دیکھیں ، ماہرہ خان

شاہ رخ خان ایک جادو ہیں جنہوںنے مجھے بگاڑ دیا ہے ، اداکارہ

پیر 23 جنوری 2017 16:28

میں چاہتی ہوں میرے ملک کے لوگ فلم رئیس دیکھیں ، ماہرہ خان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2017ء) پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کو بولی وڈ میں ایک ایسی فلم کے ساتھ ڈیبیو ملا ہے، جس کا خواب ہر ابھرتی ہوئی اداکارہ دیکھتی ہے، تاہم ماہرہ خان اپنی فلم 'رئیس' کے پاکستان میں ریلیز نہ ہونے پر کافی ناخوش ہیں۔ ایک انٹرویو میں ماہرہ خان نے اپنی ڈیبیو بولی وڈ فلم 'رئیس' کے حوالے سے کہا، 'میں چاہتی ہوں میرے ملک کے عوام اس فلم کو دیکھیں، بلکہ پوری دنیا اس فلم کو دیکھے، میرے دوست مجھ سے کہتے رہتے ہیں کہ تم نے فلم میں کام کرلیا یہ کافی ہے، لیکن کہیں نہ کہیں میرے اندر سے یہ آواز آتی ہے کہ میں نے اس فلم کو مکمل کرنے کے دوران خون پسینہ بہایا ہے، اب چاپے اس فلم میں میرا کام خواب ہی کیوں نہ ہو لوگ اسے ضرور دیکھیں'۔

پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث ہندوستان میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے حوالے سے ماہرہ نے کہا کہ انہیں اس سے بے حد دکھ پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

ماہرہ نے اپنی فلم کے ہدایت کار راہول ڈھولکیا اور پروڈیوسر ریتیش سدھوانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا 'ان دو سالوں میں میرے پروڈیوسر اور ہدایت کار نے ہر مشکل میں میری مدد کی'۔جب شاہ رخ کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے سوال کیا گیا تو ماہرہ نے کہا کہ وہ اس سوال کا جواب کئی مرتبہ دے چکی ہیں اور وہ دوبارہ وہی باتیں کریں گی جو پہلی بھی کر چکی ہیں۔

تاہم انہوں نے فلم کے سیٹ پر اپنے ساتھ کنگ خان کے رویے کے حوالے سے بتایا 'شاہ رخ ایک جادو ہیں، اصل میں انہوں نے مجھے بگاڑ دیا ہے، وہ مجھے سکھاتے رہتے تھے کہ کام کیسے کرنا ہے، کئی مواقعوں پر میں خود ان سے پوچھ لیتی کہ کیا میں ٹھیک کررہی ہوں، اس پر وہ کہتے دیکھو میں تمہیں صرف وہ بتا رہا ہوں جو میں نے اپنے تجربے سے سیکھا، کرنا اسے تم نے اپنے طریقے سے ہے، شاہ رخ بہت ہی سمجھ دار ہیں'۔فلم 'رئیس' میں ماہرہ خان شاہ رخ کی اہلیہ کے کردار میں نظر آئیں گی، جو 25 جنوری کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔ماہرہ خان اس وقت پاکستانی ہدایت کار شعیب منصور کی فلم 'ورنہ' کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

متعلقہ عنوان :