سی ڈی اے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن مارکیٹوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں،خالد اقبال ملک

چیمبر منصفانہ قانون کرایہ داری کے نفاذ کیلئے اپنا کردار ادا کرے، چوہدری وقاص گجر

پیر 23 جنوری 2017 16:54

ْاسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2017ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک کی قیادت میں ایک وفد نے جی الیون مرکز کا دورہ کیا اور ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جی الیون مرکز کے انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر نومنتخب صدر چوہدری وقاص انجم گجر ، جنرل سیکرٹری کامران علی اور دیگر عہدیداران کو مبارک باد دی۔

وفد میں فائونڈر گروپ کے چیئرمین خالد جاوید ، سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری، خرم اقبال، الطاف شاہ، چوہدری عرفان، چوہدری طاہر، جمیل اختر ، چوہدری اشرف فرزند اور دیگر شامل تھے۔اس موقع پر تاجروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے کہا کہ اسلام آباد کی تاجر برادری گوں ناگوں مسائل سے دوچار ہے جبکہ نوے فیصد مسائل کا تعلق سی ڈی اے اور اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن سے ہے۔

(جاری ہے)

لہذا انہوں نے اسلام آباد کے میئر اور سی ڈی اے کے چیئرمین شیخ انصر عزیز سے اپیل کہ کہ وہ جی الیون مرکز سمیت مارکیٹوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر توجہ دیں ۔ انہوں نے کہا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اپنے تاجر بھائیوں کے ساتھ ہے جہاں پر ضرورت پڑی ان کے ساتھ کھڑا ہو گا اور ان کے مسائل حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔ فائونڈر گروپ کے چیئرمین خالد جاوید نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے تاجروں کے مسائل کو حل کرنے میں پس و پیش سے کام لے رہی ہے جس سے تاجر برادری کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری اور سابق ایگزیکٹو ممبر چوہدری عرفان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور الیکشن میں کامیابی پر جی الیون مرکز کی یونین کو مبارک باد پیش کی۔ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جی الیون مرکز کے نومنتخب صدر چوہدری وقاص انجم گجر اور جنرل سیکرٹری کامران علی نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیمبر بڑے بھائی کی حیثیت رکھتا ہے اور امید ہے کہ وہ مسائل حل کرانے میں تعاون کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ دیگر مسائل کے ساتھ ساتھ اس وقت منصفانہ قانون کرایہ داری کا نفاذ تاجر برادری کا سب سے اہم مسئلہ ہے جس کے حل نہ ہونے سے تاجر عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ انہوں نے چیمبر سے اپیل کی کہ وہ منصفانہ قانون کرایہ داری کے نفاذ میں اپنا کردار ادا کرے جبکہ ایسوسی ایشن مسائل کے حل کیلئے چیمبر سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔

متعلقہ عنوان :