کشمیریوں کو حق خودارادیت دیئے بغیر خطہ میں امن قائم ہونا ممکن نہیں، مودی سرکار کو احساس ہو چکا کہ وہ کشمیریوں کو ان کے رائے دہی کے حق سے زیادہ دیر دور نہیں رکھ سکتی، انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں اور مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کیا جا رہا ہے

آزاد جموں و کشمیر کے قائم مقام وزیراعظم چوہدری طارق فاروق کی صحافیوں سے بات چیت

پیر 23 جنوری 2017 17:28

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) آزاد جموں و کشمیر کے قائم مقام وزیراعظم چوہدری طارق فاروق نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دیئے بغیر خطہ میں امن قائم ہونا ممکن نہیں، مودی سرکار کو اس بات کا شدت سے احساس ہو چکا کہ وہ کشمیریوں کو ان کے رائے دہی کے حق سے زیادہ دیر دور نہیں رکھ سکتا، اس لئے وہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کر رہا ہے، میڈیا کو بھارتی ہتھکنڈوں کیخلاف پروگریسو اپروچ اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں نیشنل پریس کلب کی نو منتخب باڈی کو کامیابی کی مبارکباد دینے کیلئے دورہ اور صحافیوں سے بات چیت کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

نیشنل پریس کلب کے صدر شکیل انجم اور سیکرٹری عمران ڈھلوں سمیت گورننگ باڈی کے اراکین نے ان کا خیر مقدم کیا۔ چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ نیشنل پریس کلب کی نئی منتخب باڈی کو کامیابی کی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ وہ پہلے سے بڑھ کر صحافیوں کی بہبود کیلئے کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں جو ریاست کا اہم ستون ہے جس کے مثبت اور تعمیری کردار سے انکار نہیں کیا جا سکتا لیکن بھارت مقبوضہ شمیر میں آزاد میڈیا کی رسائی کو روک کر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی پردہ پوشی کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر بھارتی مظالم سے پردہ فاش کرنے کیلئے ہمیں اپنی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور دفتر خارجہ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے آزاد حکومت کو بھی فری ہینڈ دے رکھا ہے اور وہ خود بھی ہر عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر آزاد کشمیر بھی اس حوالے سے ایک نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کا جو سفر شروع ہوا ہے اسے جاری رکھیں گے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سامنا کرنے والے کشمیری بھائیوں کی آزادی کیلئے ہر فورم پر اپنی آواز اٹھائیں گے۔

چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ آزاد کشمیر میں میرٹ اور شفافیت کی داغ بیل ڈال دی ہے جس سے آزاد خطہ کی ترقی کا خواب پورا ہو گا۔ آئینی تقاضے کی تکمیل کیلئے میڈیا اپنا موثر کردار ادا کرے۔