گلگت بلتستان فیسٹیول کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئیں

کلچر کی اہمیت کا درست سمت میں ادراک ناگزیر ، ثقافتی موسیقی بھی فیسٹیول کا حصہ ہے‘تانیہ قریشی

پیر 23 جنوری 2017 19:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2017ء) والڈ سٹی لاہور اتھارٹی اور الحمرا آرٹس کونسل کی جانب سے تین روزہ گلگت ، بلتستان میوزک فیسٹیول کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئیں۔ واضح رہے کہ 2فروری کو شروع ہونے والے تین روزہ گلگت بلتستان فیسٹیول میں لاہور اور گلگت بلتستان کے کلچر کو ایک دوسرے کے قریب لایا جائے گا۔ والڈ سٹی اتھارٹی کی ترجمان تانیہ قریشی کا کہنا تھا کہ کلچر کا براہ راست انسانی زندگی سے گہرا تعلق ہے۔

کلچر انسان کے تعمیری کردار اور ذوق کی عکاسی کرتا ہے اور بلاشبہ لاہور کا کلچر پوری دنیا میں مشہور ہونے کے ساتھ ساتھ یہاں کے لوگوں کے بہترین ذوق کا عکاس ہے۔ گلگت بلتستان فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد بھی یہی ہے کہ کلچر کی اہمیت کا صحیح ادراک کروا یا جائے ۔

(جاری ہے)

بلاشبہ ہماری ثقافت اور ورثہ ہماری زندگیوں کا ناگزیر حصہ ہیں جس کے سیاسی سماجی اور معاشی اثرات ہماری بقاء سے جڑے ہوئے ہیں۔

تانیہ قریشی کا کہنا تھا کہ موسیقی کے شائقین کے لئے یہ فیسٹیول خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ دونوں علاقوں کے ثقافتی میوزک کو اس فیسٹیول کا حصہ بنایا جائے گا۔ فیسٹیول میں داخلہ بالکل مفت ہے ۔الحمرا کے اندر گلگت بلتستان کے روایتی دیہاتوں کا ایک ماڈل ویلج بھی تیار کیا جائے گا جہاں کھانے پینے اور موسیقی کے سٹال بھی لگائے جائیں گے۔ والڈ سٹی لاہور اتھارٹی ثقافتی ورثے کو پروان چڑھانے کے لئے پہلے بھی مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کر چکی ہے۔ اس فیسٹیول کا مقصد بھی ثقافتی ورثوں کو متعارف کروانا، قریب لانا اور عوام میں اس کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :