سکھر، پارا چنار بم دھماکہ حکومت کی نا اہلی کا نتیجہ ہے، علامہ سید ناظر عباس تقوی

حکومت کرپشن میں ملوث ہے اور عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں،صدرشیعہ علماء کونسل

پیر 23 جنوری 2017 20:11

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2017ء) شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی نے پارا چنار سبزی منڈی بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارا چنار سبزی منڈی میں بم دھماکہ حکومت کی نا اہلی کا نتیجہ ہے، حکومت دہشتگردی کی روک تھام کے لئے کوئی اقدامات نہیں کررہی ہے، دہشتگرد بے گناہ عوام کو نشانہ بنارہے ہیں، حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے۔

وہ سکھر کے نواحی گائوں محمد سلطان میں مسجد و امام بارگاہ باب الحوائج کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر کارکنان سے بات چیت کررہے تھے۔ اس موقع پر مولانا ریاض حسین روحانی، مولانا امداد حسین الحسینی، مولانا طالب حیدر قمی، کاشف حسین انقلابی، مختیار علی لاشاری ودیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

علامہ سید ناظر عباس تقوی نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے جاری دہشتگردی میں اب تک ہزاروں بے گناہ افراد مارے گئے ہیں لیکن دہشتگردی کی روک تھام کے لئے کوئی موثر و جامعہ پالیسی نظر نہیں آتی، انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان بننے کے بعد دہشتگردی کی کارروائیاں قومی ایکشن پلان پر سوالیہ نشان ہیں، نیشنل ایکشن پلان دہشتگردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کی روک تھام کے لئے بنایا گیا تھا لیکن اس کی روح کے مطابق عمل نہ کرنا افسوسناک ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت لوٹ مار اور کرپشن میں ملوث ہے اور عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، صحت، تعلیم، پینے کا صاف پانی ، بجلی، سڑکیں سب تباہ ہیں، عوام ذلت کی زندگی گذارنے پرمجبور ہیں، عوامی نمائندے الیکشن کے بعد اپنے ووٹروں کو پلٹ کر بھی نہیں دیکھتے کہ عوام کس مشکل سے دوچار ہیں

متعلقہ عنوان :