گوادر کے حوالہ سے تحفظات دور کے لئے مشاورت سے قانون سازی کی جائے گی،وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان سی پیک پر مکمل اتفاق رائے موجود ہے، سی پیک سے پسماندہ علاقوں بالخصوص خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے عوام کو ترقی کے مواقع میسر آ ئیں گے، وفاقی وزیر احسن اقبال

پیر 23 جنوری 2017 20:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ بیجنگ میں منعقد ہونے والا جے سی سی آئی کا چھٹا اجلاس قومی یکجہتی اور اتفاق رائے کا مظہر تھا، گوادر کے حوالہ سے تحفظات کا ازالہ کرنے کے لئے قومی اور صوبائی قیادت کی مشاورت سے قانون سازی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی پیک کے حوالے سے جاری بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ چھٹے جے سی سی اجلاس میں چین کے کسی صوبے کا کوئی سربراہ موجود نہیں تھا تاہم ہمارے تمام صوبائی وزرائے اعلیٰ یا ان کے نمائندے موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری پر صوبوں کے تحفظات ختم ہو چکے ہیں اور سی پیک منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کرنے کے لئے وزیراعظم جلد آل پارٹیز کانفرنس بلائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں قومی اور صوبائی جماعتوں کے قائدین کو مدعو کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک قومی ترقی کا منصوبہ ہے جس سے مختلف شعبوں کی ترقی میں مدد ملے گی، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان سی پیک پر مکمل اتفاق رائے موجود ہے۔ انہوںنے کہا کہ سی پیک سے پسماندہ علاقوں بالخصوص خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے عوام کو ترقی کے مواقع میسر آ ئیں گے، چین کی جانب سے اتنے بڑے پیمانے پر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری پاکستان پر اس کے اعتماد کا مظہر ہے، چین کے اعتماد کو برقرار رکھنا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔