جناح سپُر مارکیٹ کی اپ گریڈیشن اور خوبصورتی کے لیے ایم سی آئی کے تمام متعلقہ شعبے اپنے دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں گے، چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز

پیر 23 جنوری 2017 21:27

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ جناح سپُر مارکیٹ پرانی مارکیٹ ہے اور اس کی اپ گریڈیشن اور خوبصورتی میں اضافے کے لیے میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) کے تمام متعلقہ شعبے اپنے دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں جناح سپر مارکیٹ کے عہدیداروں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر ایم سی آئی کے ڈائریکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن ، ڈائریکٹر سینی ٹیشن اور ڈائریکٹر روڈ مینٹینس کے علاوہ سی ڈی اے کے ڈائریکٹر انفورسمنٹ اور سٹریٹ لائٹس سے متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ جناح سپر مارکیٹ کے عہدیداران نے میئراسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو مارکیٹ سے متعلق مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مارکیٹ میں فٹ پاتھوں کی تعمیر و مرمت ، سٹریٹ لائٹیس کی تنصیب، صفائی اور سیوریج سے متعلق کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مارکیٹ میں آنے والوں کو سہولت حاصل ہو سکے۔

(جاری ہے)

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ جناح سُپر مارکیٹ کی خوبصورتی کے لیے مارکیٹ کے عہدیداروں سے مل کر سب سے پہلے مارکیٹ کی تجاوزات کو ختم کیا جائے گا۔ انہوں نے سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر صفائی کے علاوہ عملے کی ڈیوٹی شفٹوں میں لگائی جائے کیونکہ جناح سپر مارکیٹ انتہائی مصروف کاروباری مرکز ہے جو رات گئے تک کھلا رہتا ہے اس لیے شام کے اوقات میں بھی صفائی کو یقینی بنایا جائے۔

میئر اسلام آ باد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے سٹریٹ لائٹس کی فراہمی۔ مارکیٹ کے گرد ونواح لینڈ سکیپنگ اور خوبصورت موسمی پھول لگانے اور مارکیٹ میں سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایم سی آئی ، سی ڈی اے اور تاجر باہم مل کر مارکیٹوں کی خوبصوتی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے ہم پر عزم ہیں اور اسلام آباد کے تمام کاروباری مراکز سے مرحلہ وار تجاوزات کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا۔

جناح سُپر مارکیٹ کے عہدیداروں نے میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو تاجروں کی طرف سے بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ ادارے کے ساتھ مل کر اسلام آباد کو ماڈل سٹی بنانے میں اپنا کردار ادا کرینگے ۔