وزیراعلیٰ پنجاب کی باصلاحیت قیادت میںشعبہ صحت کے استحکام اور مریض تک طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے وسیع اقدامات کئے جارہے ہیں, رانا ثناء اللہ

بجٹ میں 43 ارب روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں جوکہ گذشتہ سال کی نسبت 43 فیصد زیادہ ہے،صوبائی وزیر قانون کاعزیز فاطمہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں وائٹ کوٹ تقریب سے خطاب

پیر 23 جنوری 2017 22:05

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2017ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی باصلاحیت قیادت میں حکومت پنجاب کی طرف سے شعبہ صحت کے استحکام اور ہر مریض تک طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے وسیع اقدامات کئے جارہے ہیں۔اس سلسلے میں رواں مالی سال کے بجٹ میں 43 ارب روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں جوکہ گذشتہ سال کی نسبت 43 فیصد زیادہ ہے۔

یہ بات انہوں نے کینال روڈ پر عزیز فاطمہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں وائٹ کوٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ایم بی بی ایس کے نئے سیشن کے طلباء و طالبات کا خیر مقدم کیا گیا۔پرنسپل پنجاب میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر،پرنسپل عزیز فاطمہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج پروفیسر ڈاکٹر قیصر محمود،ممبرزبورڈ آف ڈائریکٹرز میاں حسیب احمد،میاں عمران غفور،نائب صدر چمبر آف کامرس رائوسکندر اعظم اوردیگر عمائدین کے علاوہ فیکلٹی ممبرز اور طالب علموں کے والدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے نئے سیشن کی ہونہار طالبہ عائشہ طارق کو وائٹ کوٹ دیا اورمیڈیکل ایجوکیشن سے وابستہ ہونے والے طالب علموں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز کا وائٹ کوٹ عزت و تعظیم ومقدس پیشے کی علامت ہے جس کی توقیر ہمہ وقت قائم رہنی چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ مریضوں کے گھروں کے قریب بنیادی طبی سہولیات کی آسان فراہمی کیلئے سرکاری ہسپتالوں و بنیادی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن پر اربوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں لیکن ینگ ڈاکٹرز کی سنجیدگی اور تعاون کے بغیر طبی شعبہ میں ان وسیع اقدامات کے فوائد حاصل نہیں کئے جاسکتے جن کے حالات کار بہتر بنانے کیلئے حکومت پنجاب بھرپورانداز میںکوشاں ہے۔

اس سلسلے میں ان ڈاکٹرزکیلئے مالی مراعات کی خاطر سات ارب روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اس سے بڑھ کربھی اقدامات کا ارادہ رکھتے ہیں لیکن ینگ ڈاکٹرز کو دکھی مریضوں کا خیال کرتے ہوئے ہڑتال نہیں کرنی چاہیے کیونکہ وہ مسیحا کا درجہ رکھتے ہیں تاہم وہ اپنے حقوق کی خاطر ہڑتال کے بغیر بھی آواز بلند اور حکومت پر تنقید کرسکتے ہیں۔

انہوں نے مستقبل کے ڈاکٹروں سے کہا کہ وہ اپنے خوابوں کی تعبیر کیلئے بھرپور محنت کے ذریعے علم وتحقیق پر توجہ دیں اور دکھی انسانیت کی خدمت کے عزم پر کار بند رہیں۔انہوں نے کہا کہ میڈیکل پروفیشنلز پیدا کرنے کے لئے پرائیویٹ میڈیکل کالجز بھی حکومت کے شانہ بشانہ خدمات انجام دے رہے ہیں تاہم اس ضمن میں تدریسی وتحقیقی استعداد کے معیار کو بلند رہنا چاہیے۔

۔بعدازاں ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز/ایگزیکٹو ڈائریکٹرستارہ گروپ میاں حسیب احمد اور ممبر بورڈ آف ڈائریکٹر میاں عمران غفور نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیااور یقین دلایا کہ اس ادارہ کے تعلیمی معیار اور انتظامی سہولیات کو بہتر سے بہتر بنانے کی کوششیں جاری رہیں گی۔اس موقع پر ادارہ کی طرف سے مہمان خصوصی صوبائی وزیرقانون راناثناء اللہ خاں کویادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔