مردم شماری رکوانے کیلئے سپریم کورٹ گئے ہیں،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

کورٹ فیصلے کے بعد سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر کوئی لائحہ عمل بنائیںگے،رہنمانیشنل پارٹی

پیر 23 جنوری 2017 23:11

تربت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2017ء) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سابق وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے مرکزی جمعیت اہل حدیث بلوچستان کے جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغنی زامرانی کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی ‘ وفد میں مرکزی جمعیت اہل حدیث بلوچستان کے جوائنٹ سیکرٹری حافظ صلاح الدین سلفی ، حاجی عبداللہ سلفی، حافظ عطاء الرحمن آسکانی ،مولانا علی جان ‘میر مراد خان ودیگر شامل تھے‘ دونوں رہنمائوں نے ملکی وبلوچستان کی سیاسی صورتحال پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا ‘ نیشنل پارٹی کے رہنما سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے جمعیت اہل حدیث کے رہنمائوں کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کااظہار کیاکہ دونوں پارٹیوں کے قیادت کے درمیان ملاقاتوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا اور ایک دوسرے سے قریبی سیاسی روابط کو فروغ دیاجائے گا ‘ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ بلوچستان کو درپیش سیاسی واقتصادی معاملات پر جمعیت اہل حدیث سمیت دیگر پارٹیوں کے ساتھ بھی مشاورت جاری رکھیںگے انہوں نے کہاکہ جان محمد بلیدی کی قیادت میں نیشنل پارٹی نے ایک کمیٹی بنائی ہے جومردم شماری کے معاملات کے حوالے سے تمام سیاسی پارٹیوں کے قائدین سے رابطہ کرکے مشترکہ لائحہ عمل مرتب کرنے کی کوشش کرے گا ‘ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ مردم شماری ایک اہم سیاسی مسئلہ ہے ‘مردم شماری پرتمام سیاسی جماعتوں کے تحفظات ہیں اوریہ بلوچستان کاانتہائی اہم مسئلہ ہے انہوں نے کہاکہ ہم مردم شماری رکوانے کیلئے سپریم کورٹ گئے ہیں ‘ کورٹ فیصلے کے بعد پھر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر کوئی لائحہ عمل بنائیںگے انہوں نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری پربھی بلوچستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو ایک نقطہ نظر اپنانے کی ضرورت ہے انہوں نے کہاکہ ہم اس سرزمین پر سیاست کررہے ہیں توہمیں اس کے سیاسی ‘ قومی اور اقتصادی مفادات کیلئے اپنا سیاسی کرداربھی اداکرناہوگا اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات میرجان محمد بلیدی ‘ ضلعی صدرمحمد جان دشتی ‘ اسلام بہادر ‘ منصوربلوچ ‘ حمید ایڈووکیٹ ودیگر رہنمابھی موجودتھے ۔