ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد مائیک پومپیو نے سی آئی اے ڈائریکٹر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

متنازعہ شہرت کے حامل ریکس ٹلرسن کو امریکی سینیٹ کی کمیٹی برائے امورِ خارجہ نے نیا وزیرِ خارجہ نامزد کرلیا

منگل 24 جنوری 2017 14:15

ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد مائیک پومپیو نے سی آئی اے ڈائریکٹر کے عہدے کا حلف ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جنوری2017ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد مائیک پومپیو نے سی آئی اے کے ڈائریکٹر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ، دوسری جانب سینیٹ کی کمیٹی برائے امورِ خارجہ نے شدید مخالفت کے باوجود وزیر خارجہ کے عہدے کیلئے نامزد کردہ ریکس ٹلرسن کی منظوری دیدی ۔امریکی میڈیاکے مطابق 53سالہ مائیک پومپیو امریکا کے انٹیلی جنس ادارے سی آئی اے کے نئے ڈائریکٹر بن گئے ہیں۔

نائب صدر مائیک پنس نے پومپیو سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ کانگریس کے سابق رکن پومپیو کے تقرر کی سینٹ سے منظوری کے ایک گھنٹے بعد ہی حلف برداری کی تقریب منعقد کی گئی۔اس سے پہلے پومپیو سینیٹ میں پیش ہوئے جہاں ڈیموکریٹک پارٹی کے ارکان نے ان کی سخت مخالفت کی لیکن ان کے حق میں66 جبکہ مخالفت میں32 ووٹ ڈالے گئے۔

(جاری ہے)

پومیپو امریکی فوج میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

دوسری جانب متنازعہ شہرت لیکن روس کے ساتھ خصوصی تعلقات رکھنے والے ریکس ٹلرسن کو امریکی سینیٹ کی کمیٹی برائے امورِ خارجہ نے صرف ایک ووٹ کے فرق سے نیا امریکی وزیرِ خارجہ نامزد کرلیا ہے۔امریکی سینیٹ کی 21 رکنی کمیٹی برائے امورِ خارجہ پہلے ہی ریکس ٹلرسن کی نامزدگی پر مخالفت کا اظہار کرچکی تھی لیکن پھر بھی وہ کمیٹی سے 10 ڈیموکریٹ ووٹوں کے مقابلے میں 11 ری پبلکن ووٹ لے کر اس عہدے کیلئے نامزد کردیئے گئے ہیں۔

اب ٹلرسن کی حتمی تقرری کیلئے امریکی سینیٹ کی سطح پر ووٹنگ ہوگی جہاں ری پبلکن پارٹی اپنے 52 سینیٹروں کے ساتھ پہلے ہی اکثریت میں ہے، اس لئے قوی امید ہے کہ اس مرحلے پر بھی ٹلرسن کو کسی خاص مشکل کا سامنا کرنا نہیں پڑے گا۔دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد کردہ، مائیک پوم پے نے انٹیلی جنس کے امریکی ادارے سی آئی اے کے سربراہ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔