ٹیکسٹائل شعبہ کی ترقی و بہتری کے لئے 180 ارب روپے کے حکومتی پیکج میں سے 162 ارب روپے کا حصول بڑی کامیابی ہے، گارمنٹس پراسیس فیبرک اور دیگر مصنوعات پر ٹیکسوں میں چھوٹ سے برآمدات میں اضافہ ہوگا،وزارت ٹیکسٹائل

منگل 24 جنوری 2017 16:11

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2017ء) ٹیکسٹائل شعبہ کی ترقی و بہتری کے لئے 180 ارب روپے کے حکومتی پیکج میں سے 162 ارب روپے کا حصول وزارت ٹیکسٹائل کی بڑی کامیابی ہے۔ وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری کے اعلیٰ حکام نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ حکومت نے برآمدات بڑھانے کے پیکج کے تحت گارمنٹس پراسیس فیبرک اور دیگر مصنوعات پر ٹیکسوں پر چھوٹ دی ہے جس سے برآمدات میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ٹیکسٹائل کے شعبہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدات کو ڈیوٹی سے مستثنیٰ قرار دیا ہے جو کہ احسن اقدام ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس پیکیج سے صنعتی شعبے کے کاروباری لاگت میں کمی آئے گی جس سے کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کپاس کی پیداوار بڑھانے اور ٹیکسٹائل شعبہ کی استعداد میں اضافہ کے لئے کپاس کی 16 نئی اقسام متعارف کرائی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کپاس کی فصل کو محفوظ کرنے اور کراپ مینجمنٹ کی بہتری کیلئے تربیتی پروگرام بھی شروع کئے گئے ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر پانچ ہزار کسانوں کو تربیت فراہم کی جا چکی ہے اور کسانوں کو ایسی تربیت بھی فراہم کی گئی ہے جس سے وہ فصلوں کو مختلف بیماریوں سے بچا سکیں گے اور کیڑے مار ادویات کا بروقت استعمال بھی یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کپاس کی پیداوار کا ہدف سال 2016-17ء کے دوران نظرثانی کر کے 11.272 ملین گانٹھیں مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سیزن کے دوران کپاس کی 10.5 ملین گانٹھوں کی پیداوار حاصل ہونے کا امکان ہے جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران 9.07 ملین گانٹھیں پیداوار حاصل ہوئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری نے انٹرنیشنل کاٹن ایڈوائزری کمیٹی (آئی سی اے سی) کے ساتھ پانچ روزہ میٹنگ کی جس میں سرکاری اور نجی شعبہ سمیت زرعی سائنسدانوں سمیت 28 ممالک کے وفود نے شرکت کی جس میں کپاس کے شعبہ کے مسائل اور ترجیحات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت ٹیکسٹائل کے شعبہ کی بہتری اور ترقی کے لئے مختلف پراجیکٹس کے تحت کام کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس شعبہ میں نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے تاکہ برآمدات میں اضافہ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں مزید کہا کہ حکومت صنعتی شعبہ کو توانائی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنا رہی ہے جس سے ٹیکسٹائل شعبہ کی ترقی اور برآمدات بڑھانے میں مدد ملی ہے۔

متعلقہ عنوان :