Live Updates

عمران خان کے دن اور رات الزامات لگانے میں گذر جاتے ہیں ‘آج بھی عمران خان عدالتی کارروائی چھوڑ کر جھوٹ بولنے کے لئے عدالت سے باہر آئے ‘ تحریک انصاف کی پٹیشن میں مریم نواز کا کہیں ذکر ہی نہیں ‘الزامات لگا کر معافی مانگنا خان صاحب کی عادت بن چکی ہے‘الیکشن کمیشن کے بعد سپریم کورٹ میں بھی جلد عمران خان معافی مانگیں گے

وزیرمملکت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کی میڈیا سے گفتگو

منگل 24 جنوری 2017 17:14

عمران خان کے دن اور رات الزامات لگانے میں گذر جاتے ہیں ‘آج بھی عمران ..
ْاسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2017ء) وزیرمملکت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کے دن اور رات الزامات لگانے میں گذر جاتے ہیں ‘آج بھی عمران خان عدالتی کارروائی چھوڑ کر جھوٹ بولنے کے لئے عدالت سے باہر آئے ‘عمران خان کی پٹیشن میں مریم نواز کا کہیں ذکر ہی نہیں ‘الزامات لگا کر معافی مانگنا عمران خان کی عادت بن چکی ہے‘الیکشن کمیشن کے بعد سپریم کورٹ میں بھی جلد عمران خان معافی مانگیں گے۔

منگل کو یہاں میڈیا سے گفتگو میں وزیر مملکت نے کہا کہ عمران خان نے صبح و شام جھوٹے الزامات لگا کر مریم نواز کو بدنام کرنے کی کوشش کی اور ہمارے جمع کرائے گئے کاغذات پر تحریک انصاف نے کوئی جوابی دستاویز جمع نہیں کرائی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ عمران خان کومبارکباد دیتی ہیں کہ ملتان میں بھی وزیراعظم محمد نواز شریف نے میٹرو بس منصوبے کا افتتاح کر دیا ہے،وزیراعظم محمد نواز شریف پاکستان کو ترقی اور آگے لے جانے کی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں جبکہ عمران خان پانامہ لیکس کے نام پر صرف سیاست کر رہے ہیں۔

وزیرمملکت نے کہاکہ عمران خان نے خیبرپختونخوا میں کارکردگی دکھائی ہے اور نہ ہی دکھائیں گے کیونکہ ان میں کارکردگی د کھانے کی صلاحیت ہی موجود ہی نہیں ۔وزیر مملکت نے کہاکہ عمران خان نے عدالت میں سماعت ختم ہونے سے 15 منٹ پہلے سپریم کورٹ سے باہر آ کر جھوٹ بولے ہیں کیونکہ یہ ان کی عادت ہے،انہوں نے وہی بات کی ہے جس کا انہوں نے کورٹ میں ذکر تک نہیں کیا ، عمران خان صبح شام مریم نواز شریف پر جھوٹے اوربے بنیاد الزام لگاتے ہیں ، کبھی کنٹینر کے اوپر چڑھ جاتے ہیں تو کبھی سڑکوں پر لاک ڈاون کرتے ہیںلیکن آج جب مریم نواز شریف کے وکیل نے اپنے دلائل شروع کئے تو تمام ٹی وی نیوز چینلز کی سکرین پر ٹکر چلے کہ عمران خان صاحب کی عدالت میں دائر کردہ پیٹیشن میں مریم نواز شریف کا ذکر ہی موجود نہیں ،اسی طرح دوسری دو پیٹشن میں مریم نواز شریف کا کوئی ذکر نہیں ہے کیونکہ ان کے پاس مریم نواز کے خلاف کوئی دستاویز نہیں ہے جو ہمارے جمع کرائے گئے دستاویز کو چیلنج کر سکے ۔

وزیرمملکت نے کہا کہ جوکیس کورٹ کے اندر لڑا جا رہا ہے اس کی عمران خان کو عادت نہیں ، اسی طرح کی جھوٹی دستاویز الیکشن کمیشن میں بھی جمع کروائی گئی تھیں جس پر انہوں نے بعد میں معافی بھی مانگی تھی ، معافی کاسلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے اور انہیں دوبارہ بھی اپنے جھوٹوں پر معافی مانگنا ہو گی۔انہوں نے کہاکہ آج جب سماعت کے دوران دلائل شروع ہوئے تو ہمارے وکلاء نے اپنے دلائل میں یہ بات ثابت کی کہ دائر کردہ درخواستوں میں مریم نواز شریف کا نام ہی نہیں ، اگر عمران خان کے پاس صداقت پر مبنی کوئی دستاویز موجود ہیں جو ہمارے دستاویز کو چیلنج کر سکے وہ کورٹ میں جمع کیوں نہیں کراتے،خاں صاحب آپ اس لئے دستاویز جمع نہیں کراتے کیونکہ آپ پانامہ لیکس کے نام پر صرف سیاست کر رہے ہیں۔

وزیرمملکت نے کہاکہ وزیر اعظم عالمی اقتصادی فورم سے کامیابی سے واپس لوٹے ہیں جہاں تمام دنیا کے نامور اقتصادی رہنماوں اورماہرین نے پاکستان کی کارکردگی کو سراہا ہے ، آج وطن واپس پہنچتے ہی وزیر اعظم نے ملتان میں بھی میٹرو بس کا افتتاح کر دیا ہے جس پر وہ پوری قوم بالخصوص عمران خان صاحب کو بھی مبارکباد پیش کرتی ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات