Live Updates

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو الزامات کی بجائے اپنے صوبے پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیے، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

عمران خان نازیبا الفاظ سے ملک میں بے یقینی کی صورتحال پیدا کر رہے ہیں ،ْمنفی پروپیگنڈکے بجائے ملک کی بہتری کیلئے کردار ادا کرینگے ،ْ وفاق ہماری سرپرستی کر رہا ہے اور اس کے ثمرات ہم لوگوں تک پہنچ رہے ہیں،گلگت بلتستان میں امن قائم ہو چکا ہے اور نامکمل منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے وہ انشاء اللہ جلد تکمیل تک پہنچیں گے ،ْ حافظ حفیظ الرحمن کا پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 24 جنوری 2017 21:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو الزامات کی بجائے اپنے صوبے پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیے، عمران خان نازیبا الفاظ سے ملک میں بے یقینی کی صورتحال پیدا کر رہے ہیں ،ْمنفی پروپیگنڈکے بجائے ملک کی بہتری کیلئے کردار ادا کرینگے ،ْ وفاق ہماری سرپرستی کر رہا ہے اور اس کے ثمرات ہم لوگوں تک پہنچ رہے ہیں،گلگت بلتستان میں امن قائم ہو چکا ہے اور نامکمل منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے وہ انشاء اللہ جلد تکمیل تک پہنچیں گے ۔

وہ منگل کو گلگت بلتستان ہائوس اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر گلگت بلتستان کے کابینہ اور اسمبلی کے ممبران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ گلگت بلتستان کی پوری کابینہ یہاں پر اسمبلی کورس کیلئے آئی ہے ،ْانہوں نے کہا کہ ایک مخصوص جماعت گزشتہ تین سالوں سے تمام اداروں، عدالتوں، نیب، ایف بی آر پر الزامات لگا رہے ہیں بلکہ ملک کے منتخب وزیراعظم محمد نواز شریف کے خلاف جس طرح ماحول اور گفتگو کر رہے ہیں اس پر مجھے سخت دکھ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف منتخب وزیراعظم ہییں، وزیراعظم کے وژن کی وجہ سے گلگت بلتستان میں مسلم لیگ (ن) نے دو تہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں صاف اور شفاف انتخابات ہوئے جس کو ہر جگہ پر سراہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں گلگت بلتستان میں دہشت گردی، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور ملک معیشت کے بحران سے گزر رہا تھا تاہم مسلم لیگ (ن) کی حکومت آنے کے بعد دہشتگردی میں واضح طور پر کمی آئی ہے، وہاں پر لوڈشیڈنگ پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے، اسی طرح سڑکوں کی صورتحال بھی بہتر ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ نے 8کروڑ غیررجسٹرڈ سمیں بلاک کیںجس سے دہشتگردی پر قابو پا لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت سے قبل گلگت بلتستان میں کرفیواور لوٹ مار کا ماحول تھا جب سے مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی ہے گلگت بلتستان میں ایک بھی واقعہ رونما نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 20سے 25منصوبوں پر کام شروع کر رکھا ہے۔حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ تین سال قبل انتخابات کو تسلیم نہیں کیا گیا اور عمران خان نے اسلام آباد کو بند کر کے 126دن کا دھرنا دیا جس سے ملک کی معیشت کو نقصان پہنچا، جب انتخابات کے حوالے سے کمیشن بنایا گیا تواس فیصلے کو انہوں نے تسلیم نہیں کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب وزیراعظم نے چین کے ساتھ سی پیک منصوبہ منظور کر لیا تو عمران خان نے رکاوٹیں کھڑی کرنے کے لئے دھرنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ اخباری تراشوں کے بیان پر سزائیں نہیں ہوتیں، اس پر تحقیقات ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بڑوں نے ہمیں عدالتوں کا احترام سکھایا ہے جب کہ پی ٹی آئی کے سربراہ کو اسلام آباد کے ہائیکورٹ کے سیشن جج کی طرف سے سمن جاتا ہے لیکن وہ عدالت میں پیش نہیں ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عدالتوں کا احترام کرنا چاہیے، ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے وہ ترقی عمران خان کو ہضم نہیں ہو رہی۔ اس لئے وہ کبھی دھرنے اور کبھی عدالتوں میں وزیراعظم پر جھوٹے الزامات لگاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پچھلے دور میں چار ارب روپے کے منصوبوں پر کام نہیں ہوا تھا لیکن ہم نے وہاں پر ایک سو ارب روپے کے منصوبوں پر کام شروع کر رکھا ہے۔

سی پیک منصوبے سے گلگت بلتستان کو بھی فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تین سالوں سے دس ہزار میگا واٹ بجلی پر کام جاری ہے، پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ پاکستان ترقی کے راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میڈیا اس ملک کا چوتھا ستون ہے وہ بھی ملک کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں 14میگا واٹ بجلی پر کام ہم نے 25ماہ میں مکمل کر لیا ہے، وفاق ہماری سرپرستی کر رہا ہے، ہم وہ ثمرات لوگوں تک پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ عدالت میں جو کیس چل رہا ہے وزیراعظم اس میں سرخرو ہوں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات