حفیظ الرحمن کی پریس کانفرنس کھودا پہاڑ نکلا چوہا تھی، مولوی سرکار آئینی حقوق کے نام پر بادشاہ سلامت کی مدح سرائی میں مصروف رہے

سابق وزیر اعلیٰ سید مہدی شاہ کی میڈیا سے گفتگو

منگل 24 جنوری 2017 22:56

سکردو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جنوری2017ء) سابق وزیر اعلیٰ سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ مولوی حفیظ الرحمن کی پریس کانفرنس کھودا پہاڑ نکلا چوہا تھی، مولوی سرکار آئینی حقوق کے نام پر بادشاہ سلامت کی مدح سرائی میں مصروف رہے۔ منگل کو میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو حکومت ہمارے منصوبوں کا افتتاح کر کے کریڈیٹ لینا چاہتے ہوں ان سے آئینی حقوق کی توقع بالکل فضول خواہش ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں آئینی حقوق کا جھانسہ دیکر مولوی پاکستان بھر کے میڈیا کو جمع کر کے مولوی سرکار اپنے چمچوں کے ہمراہ باد شاہ سلامت کی مدح سرائی میں مصروف رہے ہمیں پہلے سے ہی نواز لیگ کے عزائم کا بخوبی اندازہ تھا کہ یہ لوگ عوام کو دھوکہ دے سکتے ہیں لیکن آئینی حقوق دینا ان کے بس سے باہر ہے اور نہ ہی ان کی ترجیحات میں گلگت بلتستان کے عوامی مسائل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن اگر گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کا اعلان کر تے تو کیا وزیر اعظم چھولے بھیجنے یہاں آئیں گے کیونکہ اتنے بڑے فیصلے کا اعلان کرنا حفیظ کے بس کی بات نہیں یہ صرف اپنے پیرو مرشد کی خوش آمد کرنے کیلئے میڈیا میں آئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ لیکر برسر اقتدار آنے والی جماعت جعلی اعلانات کے ذریعے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکردو میں جاری بجلی بحران کی ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہو تی ہے کیونکہ یہ لوگ واپڈا کے بقایا جات ادا کرنے کی بجائے اپنی جیبیں بھرنے میں مصروف ہیں کیونکہ انہیں اندازہ ہے کہ وہ پہلی اور آخری مرتبہ اقتدار میں آئے ہیںاور دوبارہ اقتدار انصیب نہیں ہوگا اسی لئے وہ بجلی بحران کو حل کرنے کی بجائے پاور کے منصوبوں کی بندر بانٹ میں مصروف ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں صرف ایک مرتبہ بجلی کا بحران پیدا ہوا تھا جس کو حل کرنے کیلئے ہم نے ہنگامی طور پر واپڈا کے بجلی گھروں کی مرمت اور تھرمل یونٹس کو فنکشنل کرنے کیلئے پانچ کروڑ جاری کئے جس کی وجہ سے بحران چوبیس گھنٹے میں حل ہو گیالیکن موجودہ حکومت واپڈاکے بقایاجات ادا کرنے کی بجائے زور زبردستی سے مشینیں چلانا چاہتی ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر برقیات اپنی وزارت کو بچانے کیلئے مولوی سرکاری کی کاسہ لیسی کر رہا ہے کیونکہ اسے بخوبی علم ہے کہ وہ کس طرح الیکشن میں کامیاب ہو ئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اکبر تابان کی سننے والا کوئی نہیں ہے اسی لئے وہ فوٹو سیشن پر گزارا کر رہا ہے اور اپنے ووٹروں کو اپنی اہمیت کا اندازہ دلانے کیلئے اخباری بیان بازی کر رہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :