مقبوضہ کشمیر ، بھارتی سیکیورٹی فورسز نے 3 بے گناہ کشمیریوں کو عسکریت پسند قرار دے کر شہید کردیا

منگل 24 جنوری 2017 23:41

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جنوری2017ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکیورٹی فورسز نے 3 بے گناہ کشمیریوں کو عسکریت پسند قرار دے کر شہید کردیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی سیکیورٹی فورسز نے 2 مختلف کارروائیوں کے دوران 3 بے گناہ کشمیریوں کو عسکریت پسند قرار دے کر شہید کردیا۔پولیس سپرنٹنڈنٹ امتیاز اسماعیلکا دعویٰ ہے کہ اسپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں نے سری نگر سے 25 کلو میٹر دور ہادورہ کے علاقے میں ایک گاؤں میں 2 مبینہ علیحدگی پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایک گھر کا محاصرہ کیا اس دوران اہلکاروں سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 علیحدگی پسند ہلاک ہوگئے جبکہ ان کا دعویٰ ہے کہ دونوں غیر ملکی تھے۔

رپورٹس کے مطابق دوسری کارروائی کشمیر میں سندا بانی سیکٹر میں کی گئی، فورسز کا دعویٰ تھا کہ علیحدگی پسندوں کے گروپ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پار کرنے کی کوشش کی، جسے بھارتی فوج نے ناکام بنادیا۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج نے دعویٰ کیا کہ فائرنگ سے ایک علیحدگی پسند ہلاک ہوا جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہوگئے۔خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کئی گروپ آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیںجنہیں بھارتی حکومت اور فوج دہشت گرد پسند سمجھتی ہے۔

کشمیریوں کا مؤقف ہے کہ ہمالیہ کے پہاڑوں کے درمیان پورا خطہ ان کی زمین ہے جس پر بھارت قابض ہے۔آزادی کی خاطر لڑی جانے والی اس جنگ میں اب تک ہزاروں عام شہری بھی شہید ہوچکے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ برس بھارتی فوج کی جانب سے حریت پسند کشمیری نوجوان برہان وانی کی شہادت کے بعد کشمیر کے حالات کشیدہ ہیں اور نوجوان حریت پسند کی شہادت کے بعد کشمیری نوجوانوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔برہان وانی کی شہادت کے بعد بھارتی فوج کے خلاف کشمیرمیں ہونے والے مظاہروں اور تشدد میں اب تک 90 عام شہریشہید ہوچکے ہیں۔