حکومت غیر قانونی اسلحہ کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ

منگل 24 جنوری 2017 23:47

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2017ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ صوبے میں غیر قانونی اسلحہ کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات کر رہی ہے۔ اس بارے میں 2 جنوری کو ہونے والے اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں بھی غورو غوض کیا گیا تھا اور بعض اہم فیصلے کئے گئے تھے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایم کیو ایم کے رکن کامران اختر کی غیر قانونی اسلحہ فیکٹریوں سے متعلق ایک قرار داد کے موقع پر ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی ۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ سندھ میں برآمد کئے جانے والے غیر قانونی اسلحہ کے حوالے سے صوبائی حکومت پہلے ہی وفاقی وزارت داخلہ کو ایک خط لکھ چکی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے برآمد کئے جانے والے 900 غیر قانونی ہتھیاروں میں سے 750 غیر قانونی ہتھیار درہ آدم خیل کے بنے ہوئے تھے، جس پر ہم نے وزارت داخلہ سے کہا کہ وہ خیبرپختونخوا میں غیر قانونی اسلحہ تیار کرنے والی فیکٹریوں کو بند کروائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ غیر قانونی ہتھیاروں کی ہرممکن طریقے سے روک تھام کریں کیونکہ یہ انسانوں کی جان لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو فیکٹریاں اسلحہ تیار کرتی ہیں ۔ وہاں تیار ہونے والے ہتھیار صرف سیکورٹی فورسز کی ضروریات کے لئے ہونے چاہئیں اور عام لوگوں کی پہنچ میں نہیں ہونے چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ فاضل رکن نے جو قرار داد پیش کی ہے ، وہ اہمیت کی حامل ہے اور حکومت سندھ اس کی مخالفت نہیں کرے گی۔

متعلقہ عنوان :