Live Updates

مریم نواز کے خلاف پی ٹی آئی کا مقدمہ جھوٹا ہے، عمران خان بڑا لیڈر بنا پھرتا ہے مگر مریم نواز سے ڈرتا ہے، مریم نواز شادی شدہ ہیں اور انکی زرعی اراضی کے حوالے سے تمام ثبوت ان کے وکیل نے عدالت میں داخل کرا دیئے ہیں، وہ وزیر اعظم کے زیر کفالت نہیں ہیں

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 26 جنوری 2017 12:31

مریم نواز کے خلاف پی ٹی آئی کا مقدمہ جھوٹا ہے، عمران خان بڑا لیڈر بنا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ مریم نواز کے خلاف پی ٹی آئی کا مقدمہ جھوٹا ہے، عمران خان بڑا لیڈر بنا پھرتا ہے مگر مریم نواز سے ڈرتا ہے۔ جمعرات کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اس سے قبل بھی سیاستدانوں پر الزامات لگتے رہے مگر کسی نے عدالتوں یا میڈیا پر سامنے آنا گوارہ نہیں کیا جبکہ پاناما پیپرز ایسا مقدمہ ہے جس میں وزیر اعظم اور ان کی تین نسلوں کا احتساب کیا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر طارق فضل نے کہا کہ مخالفین کی جانب سے لگائے گئے تمام الزامات جھوٹے ہیں اور پی ٹی آئی کسی کا بھی ثبوت پیش نہیں کر سکی، اب کیس وزیر اعظم کے بچوں کے حوالے سے آگے چل رہا ہے جس میں مریم نواز کو وزیر اعظم کے زیر کفالت ثابت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے مگر اس حوالے سے بھی تحریک انصاف کوئی ثبوت عدالت میں پیش نہیں کر سکی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مریم نواز شادی شدہ ہیں اور انکی زرعی اراضی کے حوالے سے تمام ثبوت ان کے وکیل نے عدالت میں داخل کرا دیئے ہیں، مریم نواز وزیر اعظم کے زیر کفالت نہیں ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے مریم نواز کے خلاف کیس بالکل جھوٹا ہے کیونکہ وہ نہ تو کبھی کسی سرکاری عہدے پر رہی ہیں اور نہ ہی ان کی پراپرٹی کے حوالے سے کوئی تنازعہ سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف جھوٹ کو سچ ثابت کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات